کوئٹہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا

کوئٹہ (دھرتی نیوز) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کےضلع لسبیلہ میں پیر کی شام لاپتہ ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ نواحی علاقے ساکران کے علاقے سے مل گیا ہے تاہم اس حادثے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے بارے میں حتمی معلومات کا پتہ نہیں چل سکا۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے قبل ازیں بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ افراد سوار تھے اور یہ اوتھل سے کراچی جا رہے تھے۔ ہیلی کاپٹر کے مسافروں میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف بھی شامل تھے۔ہیلی کاپٹر کا اڑان کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابط منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔منگل کی صبح ہیلی کاپٹر بھی تلاش میں شامل ہوئے تھے۔مقامی پولیس کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ ساکران میں موسیٰ گوٹھ کے علاقے سے ایک پہاڑی سے ملا ہے اور پولیس کے علاوہ ایف سی اور فوج کے اہلکار بھی جائے حادثہ پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔بی بی سی کے مطابق قبل ازیں تلاش کے سلسلے میں جب مقامی لوگوں سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ آخری مرتبہ پولیس سٹیشن ساکران کی حدود میں ہیلی کاپٹر کے گزرنے کی آواز سنی گئی تھی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جائے حادثہ سے اب تک تین لاشیں ملی ہیں تاہم انھوں نے لاشوں کی شناخت یا باقی مسافروں کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔آئی ایس پی آر نے بھی ملبہ ملنے کی تصدیق کی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں