کیمسٹ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دے دی

راولاکوٹ (دھرتی نیوز ) کیمسٹ ایسوسی ایشن راولاکوٹ کے عہدیداران نے کہا ہے کہ اگر سی ایم ایچ راولاکوٹ کے اندر کسی پرائیویٹ شخص کو میڈیکل سٹور بناکر دینے کا عمل معطل نہ کیا گیا تو سی ایم ایچ گیٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے اور شٹر ڈاﺅن سمیت عدالت سے رجوع کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے ، کیونکہ سی ایم ایچ کی انتظامیہ کی ملی بھگت سے باغ سے فیصل مختار نامی شخص کو سی ایم ایچ کے اندر میڈیکل سٹور بنا کر دینے کی سازش کی جارہی ہے اور صحت سہولت کارڈ کا ٹینڈ ر غیر قانونی طریقہ سے اسی شخص کو دینے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کرپشن کا بازار گرم ہو گا، یکم جولائی سے سی ایم ایچ راولاکوٹ میں صحت سہولت کارڈ پر ادویات کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے پندرہ جون کو ٹینڈر برائے لوکل پرچیز ادویات سرکاری ملازمین ، زکواة و صحت سہولت پروگرام کی منسوخی ہے جس کی مالیت پندرہ ملین روپے رکھی گئی تھی ،ان خیالات کا اظہار کیمسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سردار خالد صدر ، سردار زعفران جنرل سیکرٹری ، سردار عدنان آرگنائزر ، قمر خان سنیئر نائب صدر نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس میں کیا ، سردار خالد نے کہا کہ سی ایم ایچ راولاکوٹ کی انتظامیہ نے پیپرا رولز کے مطابق کئے گئے ٹینڈرز کو سات دن کے بعد بغیر وجہ بتائے منسوخ کیا اور بیس جون کو دوبارہ ٹینڈر بھی طلب کیا جس میں صحت سہولت پروگرام کے 10ملین روپے کو ازخود حذف کرکے پانچ ملین روپے سرکاری ملازمین کی لوکل پرچیزنگ کو برقرار رکھا ، جس شخص کو سی ایم ایچ راولاکوٹ میں میڈیکل سٹور بناکر دینے کی کوشش کی جارہی ہے اس کا ضلع پونچھ میں نہ لائسنس کا اندراج ہے اور نہ کوئی میڈیکل سٹور ہے ، ڈرگ انسپکٹر کو ہنگامی بنیادوں پر لائسنس کے اجراءکیلئے سفارشیں بھی کی جارہی ہیں جو کہ غیر قانونی عمل ہے ، اس غیر قانونی قدم کی وجہ سے باہر کے تمام میڈیکل اسٹورز براہ راست متاثر ہوں گے جو ناقابل قبول ہے ، اگر اس غیر قانونی عمل کو روکا نہ گیا تو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے یاپھر راولاکوٹ کے تمام 55میڈیکل سٹورز کو ہسپتال کے اندر جگہ دی جائے ، انہوں نے کہا کہ بغیر کوئی معقول اعتراض لگائے ٹینڈر منسوخ کرنا درست عمل نہیں ، اس عمل کی وجہ سے ان غریب مریضوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں جو کہ صحت سہولت کارڈ سے استفادہ کر رہے تھے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اندر پرائیویٹ میڈیکل سٹور کھولنے کیلئے ہسپتال کا اے کلا س ہونا ضروری ہے جبکہ سی ایم ایچ راولاکوٹ کو یہ درجہ حاصل نہیں ہے ، اس لئے وزیر اعظم آزادکشمیر ، چیف سیکرٹری ، وزیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ ، ڈی جی ہیلتھ ، بریگیڈ کمانڈراور سول انتظامیہ فوری نوٹس لے ورنہ ہم شدید احتجاج جاری رکھیں گے جو کہ اس غیر قانونی عمل کی منسوخی تک جاری رہے گا.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں