گڈز ٹرانسپورٹ یونین نے گوئیں نالہ روڈ بند کر دی

راولاکوٹ(دھرتی نیوز)مال بردار گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ گڈز ٹرانسپورٹ یونین نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر شاہراہ غازی ملت جوآزاد کشمیر کے چار اضلاع کو پاکستان سے ملاتی ہے کو گوئیں نالہ کے قریب پلندری کی حدود سے بند کر دی ہے۔، مظاہرین نے روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی جس سے سینکڑوں گاڑیاں جمع ہو گئیں اور مسافروں جن میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ہماری مال بردار گاڑیاں جو تین دنوں سے ٹائیں ڈھلکوٹ روڈ پر کھڑی ہیں جہاں مقامی لوگوں نے سڑک بند کر رکھی ہے جب تک ان گا ڑیوں کو راستہ نہیں دیا جاتا اس وقت تک شاہراہ غازی ملت نہیں کھولی جائے گی،ڈپٹی کمشنر پلندری ڈاکٹر عمر اعظم نے ”دھرتی“ کو بتایا ہے کہ مطاہریں مشتعل ہیں کہ ہماری گاڑیاں تین دنوں سے سامان لوڈ کر کے کھڑی ہیں جس سے روزانہ کی بنیاد پر مالی نقصان ہو رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہڑتال کرنے والے افراد کا تعلق تھوراڑ اور منگ سے ہے ہماری کوشش ہے کہ مظاہرین کو پر امن منتشر کر لیا جائے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف گذشتہ کئی دنوں سے پونچھ ڈویژن میں ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے،ٹائیں ڈھلکوٹ روڈ تین دن سے بند ہے اور مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کی جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں