اقتدار نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد ( دھرتی نیوز) ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بلدیاتی انتخابات تیس نومبر سے قبل کرانے کی ہدایت کی ہے،اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے بھی حکومت آزادکشمیر کو خط لکھا ہے۔ حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات جلد از جلد کرانا چاہتی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر میں عمران خان کے ویژن کے عین مطابق اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے کوشاں ہے۔اس سلسلے میں آزاد کشمیر میں 31 سال بعد پہلی دفعہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔پارٹی ورکروں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹ جاری کریں گے۔وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے اورسیز کشمیریوں کے لیے آزاد کشمیر میں سر مایہ کاری کے لیے دروازے کھلے ہیں اور اس سلسلے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔دہائیوں سے وطن کی مٹی کو سونا بنانے کی تڑپ رکھنے والے بیرون ملک مقیم کشمیری آگے بڑھ کر سر مایہ کاری کریں،حکومت مکمل تحفظ فراہم کرے گی ۔آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیئے بزنس فرینڈلی نظام وضع کر رہے ہیں تاکہ انویسٹر فائلوں کے ازیت ناک نظام کی بھینٹ چڑھنے کی بجائے سہولت کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مزید میدان اور تفریحی مقامات بنائے جائیں گے۔نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے دیے جائیں گے تا کہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات کو لیز پر دینے کے پراپیگنڈے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان بے بنیاد سٹوریوں اور افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، حکومت آزادکشمیر قانون کے مطابق عمل کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں