اکادمی ادبیات پاکستان کا کشمیری ادیبوں و شعراء کے لیے بڑا اعلان

اسلام آباد(دھرتی نیوز) اکادمی ادبیات پاکستان کے زہر اہتمام سدھن ایجوکیشنل کانفرنس اور دائرہ علم و ادب پاکستان کے اشتراک سے
وحدت ریاست جموں و کشمیر کے عنوان سے ایک مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیر کی تینوں اکائیوں سے تعلق رکھنے والے شعراء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مشاعرے کی مجلس صدارت عبدالخالق تاج ، پروفیسر ڈاکٹر محمد صغیر خان، پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسن ظفر نے مشترکہ طور پر کی ۔مہمان خصوصی ڈاکٹر یوسف خشک چئیرمین اکادمی ادبیات پاکستان تھے۔ نظامت کے فرائض وسیم اعظم نے انجام دئیے۔ جن شعراء کرام نے اپنا کلام سنایا ان میں احمد عطا الللہ، ناز مظفرابادی ، محمد یامین، اعجاز نعمانی، ذوالفقار اسد، شہباز گردیزی، فاروق حسین صابر، منیر احمدزاہد، احسان دانش،فرمان خیال، زبیر الحسن زبیری، ماجد محمود، شوزیب کاشعر ، صداقت طاہر، محترمہ صفورہ زاہد مقدم، حمیدکامران، راشد عباسی، حسیب جمال، اور رضوان بجاری شامل تھے۔ شعراء کرام نے اپنے اپنے کلام سے کشمیر کے موجودہ حالات کی منظر کشی اور مستقبل کے حالات سے باخبر رکھنے کی سعی کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر یوسف خشک چئیرمین اکادمی ادبیات پاکستان نے اپنے خطاب میں اس مشاعرے کو گزشتہ سال اکادمی ادبیات پاکستان میں ہونے والے مشاعروں سے بہترین قرار دیا اور شعراء کرام کے کلام کو سراہا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیری شعراء وادیب اپنی تصانیف اکادمی ادبیات پاکستان کے تعاون سے شائع کر سکتے ہیں جس کے لیے ہمارا ادارہ بھرپور تعاون کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ظفر اور ڈاکٹر محمد صغیر خان نے چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر یوسف خشک کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون سے اس خوبصورت محفل کا انعقاد ممکن ہو سکا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں