بزنس فورم آزادکشمیر کے زیر اہتما م پری بجٹ سیمینار ،سفارشات مرتب

راولاکوٹ ( )بزنس فورم آزادکشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ پری بجٹ سیمینار میں اس بات پر زور دیا گیاکہ حکومت آزادکشمیر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ مراعات دے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی پرقابوپانے کے لیے آئی ٹی اور سیاحت کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے لیے رعا یت دی جائے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔پری بجٹ سیمینار میں مختلف سیاسی جماعتوں،ٹریڈ یونینز،انجمن تاجران،ہوٹل ایسوسی ایشنز اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔سیمینار کا مقصد آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل حکومت کو سفارشات پیش کرنے کے لیے تجاویز مرتب کرنا تھا۔سیمینار کے شرکاء سے مختلف کاروباری شخصیات،آئی ٹی ماہرین اور ٹریڈ یونینز کے نمائندگان نے اپنے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے،زرعت پر خصوصی توجہ دی جائے۔زمینوں کو آباد کیا جائے،محکمہ زراعت کو فعال کرنے کے لیے ملازمین کی تربیت کے اقدامات کیے جائیں۔مقررین نے آئی ٹی اور سیاحت کے شعبہ جات میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے زور دیتے ہیں آن لائن کاروبار،اور سیاحوں کو اس خطے کے طرف مائل کرنے کے لیے مارکیٹنگ کے نئے ٹولز سے آگاہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان دو شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مراعات دے۔اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہشمند کاروباری طبقے کے مسائل ون ونڈو آپریشن کے تحت حل کیے جائیں۔ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بزنس فورم آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے صدر سردار عمران عزیز نے کہا کہ ہمارا فورم ہر سال بجٹ سے قبل آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع اور جامعات میں اس طرح کے سیمینار کا انعقاد کرتا ہے تا کہ حکومت کو مناسب سفارشات پیش کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومتیں ”کاپی پیسٹ“ بجٹ پیش کرتی ہیں جس سے عام شہری کے حالات کبھی بھی بہتر نہیں ہوتے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ سے قبل حکومت تاجر تنظیموں،سمیت چیمبر آف کامرس اور دیگر اس طرح کے فورمز کو اعتماد میں لے اور ان کی سفارشات کو اہمیت دی جائے تاکہ عوام دوست بجٹ پیش کیا جا سکے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بجٹ میں تاجر طبقے کو زیادہ سے زیادہ چھوٹ دے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔سیمینار سے بزنس فورم آزادکشمیر کے ضلعی صدر قاضی آصف،جامعہ پونچھ کے شعبہ آئی ٹی کے چیئرمین عدنان رفیق،انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری وسیم خورشید،سردار عبدالرزاق خان،سردار عامر خورشید،سردار ندیم خان،محمد عمران اور فہد اقبال سمیت دیگر نے خطاب کیا۔قبل ازیں اسی طرح کا سیمینار جامعہ پونچھ کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں بھی کروایا گیا جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں