راولاکوٹ،جملہ گرفتار افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ

راولاکوٹ(دھرتی نیوز)راولاکوٹ میں گذشتہ کئی دنوں سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کروانے کے لیے حکومت کی نامزد کمیٹی اورآل پارٹیز پیپلز رائیٹس فورم (پونچھ) کی مذاکرتی ٹیم کے درمیان پیر اور منگل کی درمیانی را ت مذاکرات کے بعد گرفتار افراد کی رہائی اور احتجاج ختم کرنے کا تحریری معاہدہ ہو گیا تھا لیکن منگل اور بدھ کو محرم الحرام کی تعطیلات کے باعث جملہ گرفتار افراد کی رہائی ممکن نہ ہو سکی جس کی وجہ سے تمام گرفتار افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.آل پارٹیز پیپلز رائیٹس فورم (پونچھ) کا قیام ایک ماہ پہلے ہی عمل میں آیا تھا جس میں مختلف نظریات کی حامل بیس کے قریب سیاسی جماعتیں شامل ہیں .راولاکوٹ میں اس تحریک کی شروعات ٹائیں ڈھلکوٹ روڈ بند کر وہاں کے مقامی افراد نے کی تھیں تاہم بعد میں آل پارٹیز پیپلز رائیٹس فورم (پونچھ)نے اس تحریک کی قیادت کی اورحکومت کے سامنے جو مطالبات رکھے ان میں آزاد کشمیر میں فری بجلی،لوڈشیڈنگ ختم کرنے،بجلی کے بلات پر ٹیکسزکا خاتمہ،مجوزہ پندرویں ترمیم اور ٹورازًم اتھارٹی بل کو اسمبلی میں‌پیش نہ کرنے،مراعات یافتہ طبقے جن میں ججز،لینٹ آفیسرز اور بیوروکریٹس شامل ہیں سے مراعا ت واپس لینے کا مطالبہ بھی شامل تھا.فورم کی اپیل پر ریلیاں نکالی گئیں اور بظاہر یہ اعلان کیا گیا تھا کہ سڑکیں بند کر کے یا املاک کو نقصان پہنچائے بغیر مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا.اسی دوران شاہراہ غازی ملت روڈ پر کھڈ بازار کے قریب پورا دن سڑک کو بند کر کے احتجاج کیا گیا اور اس دوران پولیس کی دو بسوں کو آگ لگا دی گئی جبکہ سات پولیس اہلکار زخمی ہو گے.پولیس نے ان واقعات کے‌حوالے سے درجنوں افراد کے خلاف ایف آئی ار درج کر بعض بعض پر دہشت گردی کے دفعات بھی شامل کر لیے.23 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 12 افراد کو 16 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا.اس دوران حکومت نے وزراء کی ایک کمیٹی مذاکرات کے لیے راولاکوٹ بھیجی لیکن مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے.جس کے بعد دوبارہ دو رکنی کمیٹی نے مذاکرات کیے جس مٰیں طے پایا کہ گرفتار افراد پر مقدمات ختم کر کے انہیں رہا کیا جائے گا جبکہ پندرویں مجوزہ ترمیم اور ٹورازم اتھارٹی کا مجوزہ بل موجودہ حالت میں اسمبلی میں پیش نہیں کیا جائے گا .دیگر مطالبات کے حل کے لیے کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو بات چیت کو اگے بڑھائیں گی.منگل کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پونچھ نے ان بارہ افراد کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے جن کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا ان میں سے اکثر کر رہا کر دیا گیا .تین افراد پہلے ہی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں جبکہ دیگر گرفتار افراد جوڈیشل میں ہونے کی وجہ سے منگل کو رہا نہ ہو سکے کیونکہ تعطیلات کی وجہ سے پراسیس پورا نہ کیا جا سکا.ادھر آل پارٹیز پیپلز رائیٹس فورم (پونچھ) کے جنرل سیکرٹری عامر خورشید کے مطابق بعض گرفتار افراد کی رہائی جمعرات کو ممکن ہے اس لیے یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام افراد رہا نہیں ہو جاتے.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں