راولاکوٹ۔۔۔جون میں ٹورزم فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ

راولاکوٹ(دھرتی نیوز) کمشنر پونچھ ڈویژن،ڈی آئی جی پونچھ کی صدارت میں گیسٹ ہاوسز و ہوٹلز مالکان کا ایک مشترکہ اجلاس ہوا جس میں محکمہ سیاحت کے ذمہ داران اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس کاروبار سے جڑے افراد کے مسائل اور سیاحوں کی آمد میں بتدریج کمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ چند سال پہلے کی نسبت سیاحوں کی آمدورفت میں بتدریج کمی ہوئی ہےجس سے ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز کے مالکان کو سخت مالی خسارے کا سامنا رہا اور کئی ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز مستقل بنیادوں پر بند کر دئیے گے۔اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ جون کے آخری ہفتے یا اگست کے پہلے ہفتے میں راولاکوٹ میں ٹورزم فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے مختلف پروگرامات کیے جائیں گے ۔حتمی تاریخ کا اعلان ڈپٹی کمشنر اور ایس پی پونچھ میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سمیت دیگر اداروں اور کاروباری افراد کی مشاورت کے بعد چند دنوں میں کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ اس علاقے کے سیاحتی مقامات کی سوشل میڈیا سمیت دیگر فورمز پر تشہیر کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ 10 جون سے نیل فری (حویلی ) ٹورزم فیسٹیول کے شرکاء کے لیے راولاکوٹ میں خیرمقدمی کیمپ لگائے جائیں گے اور بھرپور شرکت کی جائے گی۔ راولاکوٹ ٹورزم فیسٹیول کے انعقاد کے لیے مختلف مکتبہ فکر کے افراد پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیگی۔فیسٹیول کے دوران مختلف اسٹالز لگائے جائیں گے،جبکہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے مختلف تقاریب بھی منعقد ہوں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں