راولاکوٹ بار انتخابات، خالد محمد اور سعید شفیع ایڈووکیٹ صدارت کے امیدوار

راولاکوٹ(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ کے انتخابات کے سلسلہ میں امیدواران نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ آج کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ چیئرمین الیکشن بورڈ سردار غالب حلیم ایڈووکیٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر کے عہدہ کیلئے سردار خالد محمود ایڈووکیٹ اور سردار سعید شفیع ایڈووکیٹ نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ نائب صدر کے عہدہ کیلئے سید صہیب حسین شاہ ایڈووکیٹ اور سردار ریاض احمد ایڈووکیٹ نے کاغذات جمع کروائے ہیں، جنرل سیکرٹری کے عہدہ کیلئے سردار بلال شکیل ایڈووکیٹ، ذوالفقار حسین ایڈووکیٹ اور شمائلہ افسر ایڈووکیٹ نے کاغذات جمع کروائے، جوائنٹ سیکرٹری کیلئے سردار اطیب ارشاد ایڈووکیٹ اور محمد شیر خان ایڈووکیٹ نے کا غذات جمع کروائے ہیں۔ تاہم ممبران مجلس عاملہ کیلئے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 13فروری کو منعقد ہونے ہیں۔ آج کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد منظوری یا مستردگی کا فیصلہ 8فروری کو کیاجانا ہے، جس کے خلاف اپیل چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی بار کونسل کی جا سکتی ہے۔ اپیلوں پر فیصلہ 9فروری کو کیا جائے گا، جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 10فروری ہے، امیدوار کی حتمی فہرست بھی دس فروری کو آویزاں کر دی جائے گی، جبکہ پولنگ 13فروری کو ہوگی۔۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے سلسلہ میں مہم عروج پر ہے۔ انتخابات کے انعقادکیلئے تین رکنی الیکشن بورڈ مقرر کیا گیا ہے، جس کے چیئرمین سردار غالب حلیم ایڈووکیٹ ہیں، جبکہ ممبران میں سردار محمد رشید خان ایڈووکیٹ اور سردار سعید احمد ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کیلئے سکیورٹی فیس صدر کے عہدہ کیلئے دس ہزار روپے اور اہلیت کیلئے مدت پریکٹس دس سال مقرر کی گئی ہے، نائب صدر کیلئے فیس آٹھ ہزار اور پریکٹس کی مدت دس سال، جنرل سیکرٹری کیلئے فیس آٹھ ہزار اور پریکٹس کی مدت سات سال، جوائنٹ سیکرٹری کیلئے فیس چھ ہزار روپے اور پریکٹس کی مدت تین سال، ممبران مجلس عاملہ جن کی تعداد 5ہوگی، ان کی فیس تین ہزار روپے اور پریکٹس کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں