رٹ خارج،احتساب بیورو میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے خلاف کارروائی جاری رکھے،ہائی کورٹ

مظفراباد (دھرتی نیوز)آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے دو سابق ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے احتساب بیورو کو کرپشن کے خلاف تحقیقات کے لیے دستیاب ریکارڈ مہیا کرنے کے خلاف حاصل کردہ حکم امتناعی ختم کرتے ہوئے رٹ پٹیشن خارج کر دی اور احتساب بیورو کو ہدایت کی کہ وہ اس ادارہ کے خلاف تحقیقات جاری رکھیں۔احتساب بیورو آزاد کشمیر کو یہ درخواست عوام علاقہ راولاکوٹ کی جانب سے بذریعہ آفنان نواز، آیاز رفیق،سردار سعود افتخار اور عابد سعید کی جانب سے تقریبا تین سال پہلے دی گئی۔08 صفات پر مشتمل اس چارج شیٹ میں میونسپل کارپوریشن جو پہلے بلدیہ کا اسٹیٹس رکھتی تھی پر سنگین نوعیت کی کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔احتساب بیورو آزاد کشمیر نے اس چارج شیٹ کے تناظر میں 19 مئی 2021 کو میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر کو ایک 21 نکات پر مشتمل ایک مکتوب بھیجا جس میں محکمہ سے سال 2005 سے سال 2021 کا ریکارڈ طلب کیا گیا۔اور اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا کہ محکمے نے قبل ازیں بھیجے گے مکتوب کا اس کی روح کے مطابق جواب نہیں دیا۔میونسپل کارپوریشن کے احکام نے جواب دینے کی بجائے دو مختلف حکومتوں کے ادوار میں تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹر سردار محمد ظفر خان اور سردار ذاکر شیر افضل کی جانب میں عدالت عالیہ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کروا دی جس میں احتساب بیورو آزاد کشمیر کو فریق بناتے ہوئے انہیں مزید کارروائی سے روکنے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے حکم امتناعی جاری کر دیا تو کارپوریشن کے احکام نے سٹی تھانہ راولاکوٹ میں اپنے ہی دفتر کے ایک سابق اہلکار کے خلاف ایف آئی ار کی تحریک کر دی اور سیشن کورٹ راولاکوٹ سے ایک یکطرفہ فیصلہ بھی لے لیا کہ مذکورہ اہلکار نے سرکاری ریکارڈ چوری کیا ہے۔ساتھ ہی دفتر کے بعض ایڈہاک ملازمین سے ایک بیان حلفی لے کر عدالت سمیت احتساب بیورو کو پیش کر دیا جس میں اس ملازم پر جس اب تبادلہ ہو چکا تھا سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے۔سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف بھی مذکورہ ملازم نے ہائی کورٹ میں اپیل کر لی تو ہائی کورٹ نے ایک ہی نوعیت کی تمام رٹ پٹیشنز یکساں کر کے سماعت کی۔اسی دوران درخواست گذار چار افراد میں سے تین نے دستبرداری اختیار کر لی تاہم ایک درخواست گذار آفنان نواز دستبردار نہیں ہوئے۔اب ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ کا فیصلہ بھی معطل کر دیا اور رٹ پٹیشن نمٹاتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کا موقف مسترد کر دیا اور احتساب بیورو کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارروائی جاری رکھیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں