ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،وزیراعظم کو نوٹس جاری،الیکشن کمیشن طلبی

مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پرنسپل سیکرٹری ہمراہ جناب وزیراعظم کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ چوہدری لطیف اکبر صاحب قائد حزب اختلاف نے بروئے مکتوب نمبر PS/1176 مورخہ 18-11-2022 شکایت کی ہے کہ جناب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ہے جس میں انہوں نے حکومتی پارٹی (پاکستان تحریک انصاف) کے ڈسٹرکٹ کونسلر کے امیدواران کو مدعو کیا اور اس تقریب میں جناب وزیراعظم نے خطاب کے دوران مختلف منصوبوں کے اعلانات کے علاوہ رقوم کی تقسیم کی بھی پیش کش کی اور جناب وزیر اعظم کا یہ عمل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شدہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔اس نسبت جناب وزیر اعظم کی تقریر بھی سوشل میڈیا پر دکھائی دیکھی گئی ہے جس میں ان کی طرف سے مختلف منصوبہ جات کا اعلان کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ راجہ محمد فاروق حیدر خان صاحب رکن قانون ساز اسمبلی نے بھی مورخہ 18-11-2022شکایت کی ہے کہ جناب وزیر اعظم آزادکشمیر نے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے ضلع مظفرآباد، ضلع جہلم ویلی میں حلقہ وائز پاکستان تحریک انصاف کے نامز د امیدواران اورچید ہ چیدہ ورکرز کو سرکاری رہائش گاہ وزیر اعظم ہاؤس میں الگ الگ حلقہ وائز مدعو کیا سرکاری وسائل سے خاطر تواضع کی اور سرکاری وسائل سے متعدد اعلانات بھی کیے۔جن میں سے چید ہ چیدہ بذیل ہیں۔حلقہ کھاوڑہ میں دو تحصیلوں، نالہ اگڑ روڈ کی تعمیر، یونین کونسل میں واٹر سپلائی سکیم، مہاجر کمپ بسناڑہ میں صنعتی سکول،زچہ بچہ سنٹر کے اجرا ء جیسے اعلانات کے علاوہ ہر وارڈ کے ممبر کو پانچ پانچ لاکھ روپے نقد دینے کی بھی شنید ہے۔حلقہ لچھراٹ میں واٹر سپلائی سکیم، سیوریج لائن،بٹنگی میں ڈسپنسری کے علاوہ محکمہ جنگلات میں متعدد سابقہ تاریخوں میں تقرری کے احکامات شامل ہیں۔مظفرآباد سٹی میں تھوری پارک،نیلم پارک کے علاوہ متعدد منصوبوں کے اعلانات شامل ہیں۔ضلع جہلم ویلی میں متعدد منصوبہ جات کے اعلانات شامل ہیں۔علاوہ ازیں شوکت جاوید میر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی بذریعہ درخواست شکایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں عائدپابندی کے باوجودوزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کھاوڑہ میں تحصیل کے قیام سمیت نئے تعلیمی اداروں سڑکوں سمیت کم وبیش 106اعلانات کر چکے ہیں وزرا حکومت بھی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور بعض سرکاری ملازمین بھی ان کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی شخص بشمول جناب وزیر اعظم،وزارکرام و مشیران گرامی کسی بھی منصوبہ کا اعلان نہیں کرسکتے۔ اس طرح جناب وزیر اعظم کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کسی بھی کسی قسم کی میٹنگ کا انعقادیا اس مرحلہ پر کسی منصوبہ یاسکیم کا اعلان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ لہذ اس سلسلہ میں آپ مورخہ 23-11-2022بوقت12.30بجے دن بمقام کوٹھی نمبر1متصل آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی معزز اراکین الیکشن کمیشن کے روبرو اصالتا!، وکالتاً یا مختیاراً پیش ہو کر آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے متعلقہ موصولہ شکایات کی نسبت وضاحت پیش کریں۔
٭٭٭٭٭

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں