محمد یاسین ملک کی بھوک ہڑتال کا تیسرا روز،دنیا بھر میں اظہار یکجہتی

برسلز،لندن،کوٹلی،راولاکوٹ ،(دھرتی نیوز)قائد انقلاب و تہاڑ جیل میں محبوس چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کا بھارتی عدالتی ناانصافیوں کے خلاف تہاڑ جیل کے اندر ۲۲ جولائی سے شروع کیا جانے والا بھوک ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے۔یاد رہے یاسین ملک نے منصفانہ عدالتی سماعت اور عدالت میں سماعتوں کے دوران اپنی جسمانی حاضری جیسے قانونی مطالبات پر غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا جو ۱۲ جولائی جیل حکام کی درخواست پر دس دنوں کی مہلت دینے کے بعد انہوں نے ۲۲ جولائی سے شروع کی ہے اور مصدقہ اطلاعات کے مطابق ابھی تک وہ مسلسل تین روز سے مکمل بھوک ہڑتال پر ہے۔ یاسین ملک کے اہل خانہ اور پارٹی لیڈران سمیت کشمیری عوام میں تشویش ہے کہ مختلف امراض میں مبتلاء ہونے اور تہاڑ جیل میں گذشتہ ساڑھے تین سالوں سے قید تنہائی میں رہنے کی وجہ سے یاسین ملک کی صحت کافی حد تک پہلے سے بگڑ چکی ہے اور اب بھوک ہڑتال پر جانے سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔سنٹرل انفارمیشن آفس سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے نام پر جاری بیان کے مطابق قائد انقلاب محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اسلام آباد، کراچی، لاہور اور آزاد کشمیر میں مظفرآباد، کوٹلی، باغ اور راولاکوٹ پونچھ کے علاوہ دنیا بھر میں بالخصوص لندن، برمنگھم اور برسلز میں لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کئے گئے جن میں پارٹی قیادت اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے رہنماوؑں و متعدد کارکنان کے علاوہ دیگر جماعتوں کے قائدین، سول سوسائٹی سے وابستہ افراد اور عام کشمیریوں نے شرکت کی۔پارٹی ترجمان کے مطابق اسلام آباد پریس کلب کے باہر ۲۱ جولائی سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ کی اختتامی تقریب پر یاسین ملک کی دختر رضیہ سلطانہ کے ہاتھ سے جوس کا گلاس پی کر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نوا خان اور وائس چیئرمین سلیم ہارون نے اپنا سہ روزہ مکمل بھوک ہڑتال توڈ دی۔ اختتامی تقریب پر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان، وائس چیئرمین سلیم ہارون، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر، یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک، سینئر حریت رہنما غلام محمد صفی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل جاوید حنیف اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سیکریٹری اطلاعات و نامور کالم نگار ارشاد محمود نے اپنے خطاب کے دوران یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بھارت سرکار کی ایماء پر یاسین ملک کے تئیں بھارتی عدالتی ناانصافیوں کی مذمت کی۔ لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے اپنے خطاب میں بھارتی عدالتی دہشت گردی کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے فوری، مستقل، پائیدار اور منصفانہ حل کے لئے سیاسی و سفارتی سطح پر جدوجہد تیز تر کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ وائس چیئرمین سلیم ہارون نے یاسین ملک کی بہادری اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جیل کے اندر بھی تحریک کو جلا بخشی۔ مسئلہ کشمیر ہند و پاک کے درمیان دو طرفہ مسئلہ ہونے کی نفی کرتے ہوئے اور سیزفائر لائن کو جبری طور پر ریاست کو تقسیم کرنے والی خونی لکیر قرار دیتے ہوئے سلیم ہارون نے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کا اپنا مسئلہ بنانے پر زور دیا تاکہ کشمیری بحیثیت قوم اپنی قومی تحریک آزادی کو مقامی و بین الاقوامی سطح پر صحیح تناظر میں اجاگر کرسکیں۔یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اس موقع پر اظہار یکجہتی کے طور پر بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرنے پر لبریشن فرنٹ کے رہنماوَں کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے اقوام عالم بالخصوص انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے مہذب اقوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ بھارت کی انتہاء پسند حکومت کا یاسین ملک جیسے پرامن سیاسی عوامی رہنما کے تئیں روا رکھا جانے والا معاندانہ رویہ دراصل انتہاء پسندی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔غلام محمد صفی، ارشاد محمود اور سردار جاوید حنیف نے بھی ظالمانہ و جابرانہ طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے بھارت سے یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کی فوری ریائی کا مطالبہ کیا اور تحریک آزادی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ باغ میں وائس چیئرمین حافظ محمد انور سماوی، ضلع صدر جاوید اختر بٹ، جنرل سیکریٹری جہانزیب میر ، سینئر رہنما راجہ سبیل اور دیگر رہنماوَں، راولاکوٹ پونچھ میں مرکزی وائس چیئرمین سردار زاہد حسین، مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری مالیات حافظ ممتاز احمد، زونل ڈپٹی جنرل سیکریٹری تنویر عزیز، ضلع صدر حاجی ابراھیم اور ایاز کیانی کے علاوہ دیگر رہنماوَں، کراچی میں منور حسین، شہزاد خان، ایڈووکیٹ عزیز احمد، مبارک ایڈووکیٹ، ریاض خان، سردار زاہد، حماد احمد، سفیر یونس اور ہمایوں مظفر، کوٹلی میں ممبر سپریم کونسل ملک اسلم، چیئرمین ایس ایل ایف عبدالرحیم ملک ایڈووکیٹ، غازی ساجد بخاری، ضلع صدر ابرار افتخار، ڈاکٹر لیاقت نقشبندی، اشفاق مرشد، شاہد خان، بصیر جنجوعہ، عمران کھوکھر و دیگر رہنماوَ، لاہور میں ممبر سپریم کونسل عبدالمجید بٹ، زونل نائب صدر ظہیر بخاری، صدر لاہور ڈویژن فیصل شہزاد نازکی اور جنرل سیکریٹری جواد بخاری اور مظفرآباد میں ضلع صدر راجہ عاصم رزاق و جملہ سینئر رہنماوَں کی قیادت میں پہلے مرحلے پر قائم علامتی بھوک ہڑتالی کیمپس کل شام کے وقت اختتام کو پہنچ چکے۔ لندن و برمنگھم میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے برطانیہ کے زونل صدر لیاقت لون کے علاوہ دیگر رہنماوَں اور برسلز میں یورپی کمیشن کے دفتر کے سامنے لبریشن فرنٹ یورپ زون کے جنرل سیکریٹری ظہیر زاہد اور دیگر زونل رہنماوَں کی قیادت میں منعقد علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی مقامی وقت کے ماطابق شام کو اختتام کو پہنچ گئے۔ برمنگھم میں جسٹس فار جموں کشمیر کے قائدین جبکہ برسلز میں چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید بھی احتجاج میں شریک رہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں