مظفراباد ،پی ٹی آئی کارکنان کا اپوزیشن لیڈر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

مظفر آباد (دھرتی نیوز)اپوزیشن لیڈر و مرکزی رہنما پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر کی طر ف سے وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان کے بارے میں نازیبا الفاظ کے استعمال کے خلاف آئی ایس ایف اورپی ٹی آئی کے کارکنان کا مظفر آباد میں زبردست مظاہرہ۔چوہدری لطیف اکبر کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ مظاہرین نے زکوۃ خور مردہ آباد کے نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماوں و کارکنان نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ پولیٹیکل کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم جبار خان مغل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نوجوانوں کو وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان کے خلاف اُکسانے سے باز نہ آئے تو اُن کا چلنا پھرنا محال کر دینگے۔مظفرآباد کی فضا خراب کرنے والوں کو جان لینا چاہیے کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں تاہم یہ اخلاق کے دائرے میں رہ کر ہونے چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر ایک ایجنڈے اور پلاننگ کے تحت پرامن ماحول کو خراب کررہے ہیں۔ لطیف اکبر نے حالات خراب کرنے کا سلسلہ نہ روکا تو شدید ردعمل سامنے آئے گا اور امن وامان کی ساری صورتحال کی ذمہ داری چوہدری لطیف اکبر پر عائد ہوگی۔کارکنوں کا اشتعال دینا اور وزیراعظم کے پتلے جلانے کی تلقین کرنا ناقابل برداشت عمل ہے،عمران خان پاکستان میں چھ ماہ سے پرامن احتجاج کررہے ہیں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا،ہمیں قائد کشمیر سردار تنویرالیاس نے پراُمن رہنے کی ہدایت کررکھی ہے۔جبار مغل نے مزید کہا کہ لطیف اکبر زکوۃ خور ہے۔اب زکوۃنہیں مل رہی تو بوکھلا گیا ہے۔میری لطیف اکبر سے گزارش ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے نام مالی امداد کی درخواست دیں۔وہ باقی غریب لوگوں کی طرح آپ کی بھی بھر پور مالی امداد کر دیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں