وزیراعظم آزاد کشمیر کی سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے ملاقات،مالیاتی امور پر بات چیت

مظفرآباد (پی آئی ڈی)آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وزیراعظم ہاوس مظفرآباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں آزادکشمیر کے آمدہ بلدیاتی انتخابات، مالیاتی امور، ترقیاتی عمل اور پی ایس ڈی پی کے منصبوبہ جات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر تعمیر وترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ آزادکشمیرکے اندر 32سال کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقا د ہونے جا رہاہے۔ حکومت آزادکشمیر کی توقع ہے کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے سلسلہ میں آزادکشمیر حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔ اپوزیشن کی جماعتیں وفاقی حکومت کو سیکیورٹی نہ دینے کا بول رہی ہیں۔ مظفرآباد کی خوبصورتی کے لیے ماسٹر پلان تیار ہے۔ آزادکشمیر کے مختلف پراجیکٹ وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ میں کٹوتی کے باعث التواء کا شکار ہیں۔ آزادکشمیر کے حالیہ جاری پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبے جو کہ مکمل نہیں ہوئے ان کومکمل کرنے کے لیے وفاقی حکومت آزادکشمیر حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وزیراعظم آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر کے مالیاتی مسائل کا معاملہ وہ وفاقی حکومت سے اٹھائیں گے اور اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر پی ایس ڈی پی کے منصوبے نامکمل چھوڑ ے ہیں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے باعث تعمیر وترقی کا عمل سست روی کا شکار ہے، وفاقی حکومت آزادکشمیر میں پی ایس ڈی پی کے منصوبے مکمل کرے تاکہ آزاد خطہ کی بحالی و تعمیر نو کا کام مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ سیاحت کو انڈسٹری کا درجہ دیکر اس میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کروائی جائے تاکہ ریاست کی آمدن بھی بڑے اور لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقعے میسر آئیں، سیاحت کے شعبہ سے آزادکشمیر کا مستقبل منسلک ہے، انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں حکومت آزادکشمیر نے اپنی جانب سے بجٹ میں خطیر رقم بھی مختص کی ہے تاہم ترقیاتی فنڈز میں کمی کے باعث حکومت کو مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں گزشتہ تین دھائیوں سے انتخابات نہیں ہوئے، پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے وعدہ کیا تھاکہ بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا جس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے حکومت بتیس سال بعد اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں