وزیراعظم نے معافی نہ مانگی اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،پی پی پونچھ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر پونچھ نے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کی پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کے خلاف مبینہ طور پر زبان درازی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے پارٹی کی کال پر احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم سے فوری طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ہفتے کو یہاں پریس کلب میں پارٹی کے مرکزی ،ضلعی عہدیداران پی وائی او کے چئیرمن اور دیگر کارکنان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مدہوش وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں گالم گلوج کا کلچر فروغ دیا۔ ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ یہ چند دنوں کے مہمان ہیں پی پی پی دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ وزیراعظم اگر اب پونچھ میں داخل ہوئے تو ان کا سیاہ جھنڈیوں سے استقبال کیا جائے گا۔ پارٹی کے ضلعی صدر سردار عامر خورشید نے کہا کہ شیشے کے گھر میں رہ کر پتھر مارنے سے اپنا گھر بھی محفوظ نہیں رہتا۔ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے ۔ مائیک سامنے رکھ کر حملے کے انداز میں پونچھ کا نام استعمال کرتے ہوئے انہیں گریبان میں جھانکنا چائیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ تنویر الیاس پہلی بار سیاست میں آئے اس لیے بازاری زبان استعمال کی ۔ لطیف اکبر جمہوریت کا ایک نشان ہیں انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کو پروان چڑھایا ۔ خود اپنی جماعت کے امیدوار کے خلاف عدم اعتماد کیا جب اپنے خلاف عدم اعتماد کا ماحول دیکھا تو حواس باختہ ہوئے۔ پارٹی رہنما سعود صادق نے بھی وزیراعظم کے بیان کی مذمت کی اور کہا یہ نام نہاد وزیراعظم اقتدار میں آیا پونچھ سراپا احتجاج ہے۔ ہم پیر کو پارٹی قیادت کی کال احتجاجی مظاہرہ یہ ثابت کریں گے کہ عوام کا سرچشمہ عوام ہیں اور یہ ایک انتہائی غیر سنجیدہ وزیراعظم ہے۔پی وائی او کے چیئرمین ببرک شریف نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے قوم پرستوں کے خلاف ہرزہ سرائی کی ۔اب اپوزیشن لیڈر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جس کی ہم نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ ان کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما سردار عظیم خان ایڈووکیٹ ، سردار حمید افضل ایڈووکیٹ ، محترمہ نوشین ایڈووکیٹ ،سردار آبشار کفایت اور دیگر بھی موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں