وفاقی حکومت نے آزادکشمیر میں مداخلت کی تو بھرپو جواب دیں گے،عمران خان

اسلام آباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی چیئرمین تحریک انصاف سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ اہم ملاقات،عمران خان نے سردار تنویر الیاس خان کی زیر قیادت قائم آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 29ستمبر کے مظفرآباد جلسہ عام میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔آزادکشمیر حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے تحریک انصاف کی پالیسی کے مطابق کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔آزادکشمیر حکومت کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے اور ترقیاتی وغیر ترقیاتی فنڈز روکنے کے عمل کو تحریک آزادی کشمیر کے خلاف حرکت قرار دیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود نہ صرف ترقیاتی فنڈز میں بھرپور اضافہ کیا بلکہ آزادکشمیر کے واجبات اور امدادی فنڈز بروقت ادا کیے تاکہ آزادکشمیر کے عوام کو کوئی پریشانی اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیئرمین تحریک انصاف نے وزیراعظم آزادکشمیر کو آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں بھرپور شرکت اور پارٹی کارکنوں کو بلدیاتی انتخاب میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت بھی جاری کی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سردار تنویر الیاس خان کی آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت کے زیر اہتمام جاری پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر آزادکشمیر میں کسی قسم کے غیر آئینی اقدام کی کوشش کی گئی اور وفاقی حکومت نے آزادکشمیر میں مداخلت کی تو تحریک انصاف نہ صرف اس کا بھرپو جواب دے گی بلکہ وفاقی حکومت کے آزادکشمیر میں مداخلت کے خلاف مزاحمت بھی کی جائے گی۔کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے تحریک انصاف ہر محاذ پر آواز بلند کرے گی۔تحریک انصاف کی کشمیر پالیسی روز اول سے بالکل واضح ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری جبرو تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ 29ستمبر کو چیئرمین تحریک انصاف سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کا والہانہ اور فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔چیئرمین تحریک انصاف کشمیری عوام کے ساتھ ان کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اظہار یکجہتی کے لیے دارالحکومت مظفرآباد تشریف لارہے ہیں۔کشمیری عوام ان کے استقبال کے لیے پرجوش اور بے چین ہیں۔عمران خان مظفرآباد کے اسٹیج سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی پیغام دیں گے۔تحریک انصاف کے کارکن 29ستمبر کے جلسہ عام میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے گھر گھر رابطہ مہم شروع کیے ہوئے ہیں۔انشاء اللہ یہ جلسہ آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس کا تحریک آزادی کشمیر پر انتہائی مثبت اثر مرتب ہوگا۔سیز فائر لائن کے اس پار جدوجہد آزادی میں مصروف عمل کشمیری عوام کے لیے نئے حوصلے کا باعث ثابت ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں