پاکستان کی اہمیت دنیا تسلیم کر چکی ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ آج یہ ملک عالمی دنیا میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ دنیا کے فیصلے پاکستان کی ہاں اور ناں کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ اس ملک کی آزادی ہمارے آباؤ و اجداد کی قربانیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ مضبوط اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہماری منزل ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہمارا ملک دن دگنی رات چگنی ترقی کرے۔ آج کے دن ہم لائن آف کنٹرول کے اس پار اپنی ماؤں، بہنوں، جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہندوستانی درندوں کے سامنے سبزہلالی پرچم میں مدفون ہوتے ہیں۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی دنیا ہندوستان پر اپنا دباؤ بڑھائے اور ہندوستانی افواج کو کشمیر سے نکل جانے کے لیے اپنا دباؤ بڑھائے۔ ہم کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو نو لاکھ بھارتی افواج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور جوانمردی سے ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائمنڈ جوبلی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ، چیئرمین مظفرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اظہر علی گیلانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری محمد رشید، ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد، وزیرسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری اکبر ابراہیم، وزیر جنگلات محمد اکمل سرگالہ، پارلیمانی سیکرٹری محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، خواتین، بچے، جوان، تاجر، اہلیان شہراور اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی شایان شان تقریب منعقد کرنے پر چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اظہر گیلانی اور دیگر تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج نو لاکھ فوج کشمیر میں ظلم وستم ڈھا رہی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہندوستان کشمیر سے نکل جائے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان کوکشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دنیا پڑے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اوورسیز کشمیری اور پاکستانی فخر کرتے ہیں کہ ریاست کے لوگ پاکستان کے ساتھ پیار کرتے ہیں۔ پاکستان ہماری منزل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مظفرآباد شہری کو خوبصورت بنانے کے لیے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ مظفرآباد کو بیس کیمپ کا شہر بنانا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام کو ڈائمنڈ جوبلی منانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ پاکستان معاشی، سیاسی اور سفارتی لحاظ سے مضبوط و مستحکم ہو۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ معاشی طور پر مضبوط و مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا لازوال رشتہ ہے جو کبھی نہ ختم ہونے والا ہے۔ ریاست کے دونوں طرف کے کشمیری پاکستان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب اس پار کے کشمیری بھی جشن آزادی منائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم آزادکشمیر دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں جشن آزادی کی تقریب کے انعقاد پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمار جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے پاکستان کی آزادی سے قبل ہی 19جولائی 1947 کو سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستگی کا فیصلہ کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہوگا۔ دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ ریاست کا بہت تھوڑا حصہ آزاد ہوا ہے جبکہ ایک بہت بڑا حصہ اب بھی بھارت کے زیر تسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیری پاکستان کے پرچم میں دفن کیے جاتے ہیں۔ اج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کی آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج پاکستان کی مسلح افواج کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں اور ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم آج پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں فخر کرتا ہوں کہ ہم آزاد ریاست میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے اپنا خون تحریک آزاد ی میں بہایا ہے۔ پاکستان کی آزادی قائداعظم کی جدوجہد اور قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں ہم سے جوش و خروش سے جشن آزادی منایا جارہا ہے۔ اہل کشمیر نے 1947سے ہی اپنا رشتہ پاکستان کے ساتھ جوڑ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک کشمیر آزاد ہو کر اس کا الحاق پاکستان کے ساتھ نہیں ہو جاتا۔ عبدالماجد خان نے کہا کہ ہمارے لیے ہماری ریاست اور ہمارا ملک سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر اس کا الحاق پاکستان سے ہوگا اور ہم آزادی کا جشن منائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ آج کی تقریب ہمارے لیے باعث عزت ہے اور اس بات کا اعادہ ہے کہ ہم آزادی کو ایک نعمت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن ضرور آئے گا آزادکشمیر آزاد ہو کر اس کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہوگا چیف سیکرٹری نے کہا کہ سب کو جشن آزادی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر کشمیریوں کا کیس لڑا ہے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہم ملکر عوام کے تعاون سے کشمیر کو خوبصورت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر ہے۔اور اس کا حسن قدرتی ہے۔ ہم نے ملکر اس کو صاف ستھرا رکھنا ہے اور سیاحوں کے لیے پرکشش بنانا ہے۔ آج ہم اعادہ کریں کے ملک سب ملکر ریاست کو خوبصورت بنائیں گے اور صفائی کا خیال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے وسائل کشمیری عوام کے لیے ہیں ان پر حق صرف اور صرف کشمیریوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ دعا گو ہیں کہ ایک دن کشمیر آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اظہر علی گیلانی نے کہا کہ آج ہم پاکستان کا 75واں ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں اور میں اس موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن ضرور آئے گا کہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ چیئرمین ایم ڈی سید اظہر علی گیلانی نے کہا کہ مظفرآباد شہر کو خوبصورت سے خوبصورت تر بنائیں گے۔ یہ ہمارا بیس کیمپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق شہری کو ایک ماڈل شہر بنائیں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی پرچموں کے ڈیجیٹل ڈسپلے کا افتتاح کر کے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر،کے قومی ترانے بجائے گئے۔ نلوچھی پل پر یادگار شہدا ء کو وشن کیا گیا اور پل پر آتش بازی کی گئی اور بھر پور انداز میں جشن آزادی منانے کا آغاز کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں