پاکستان کے ساتھ رشتے کو ہمیشہ مقدم رکھا،وزیراعظم آزادکشمیر کا یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام

مظفرآباد(دھرتی نیوز) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آج سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری الحاق پاکستان منارہے ہیں۔کشمیر بنے گا پاکستان سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے۔مقبوضہ وادی کے اندر بسنے والوں نے اس سفر کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔صرف جموں میں اڑھائی لاکھ لوگوں کو پاکستان کی محبت کے جرم میں قتل کیا گیا۔مقبوضہ وادی کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔پاکستان ہماری امیدوں امنگوں کا مرکز ہے۔پاکستان کی مٹی کی خوشبو سے محبت میں جانیں نچھاورکرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔قایداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا۔آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے مقدس رشتے کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا اور کبھی حرف نہیں آنے دیا۔یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 19جولائی کا دن تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس تاریخی دن کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق، حق خوداردیت ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ ہمارے اٹوٹ تعلق کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اعلی قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج سے سات دھائیوں قبل کشمیریوں نے اپنی منزل کا تعین کر دیاتھا اور اس منزل کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے کشمیریوں کی جس منزل کا تعین کیا تھا وہ انشا اللہ حاصل کر کے رہیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں