کراچی پلان،سردار یعقوب خان کو قائد ایوان نامزد کرنے پر اتفاق

راولاکوٹ(دھرتی نیوز) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک لانے کے فیصلے کے بعد اپوزیشن کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کراچی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں اپوزیش کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے۔اجلاس کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء اور آزاد کشمیر کے امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور نے کی اور ان ہی کی ہدایت پر یہ اجلاس کراچی میں رکھا گیا تھا۔پارٹی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کی مجوزہ سیٹوں،پی ٹی آئی کے ناراض ممبران اسمبلی کے مبینہ کردار اور پارٹی پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پارٹی صدر چوہدری لطیف اکبر کو دیگر پارٹیوں سے رابطے کرنے اور ان سے معاملات طے کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں قائد ایوان کی نامزدگی پر بھی غیر رسمی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قائد ایوان کا باقاعدہ اعلان دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رسمی بات چیت میں محترمہ فریال تالپور نے پارٹی کے سنیئر رہنماء اور سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب کو گرین سنگنل دیتے ہوئے انہیں دیگر سیاسی جماعتوں کے ممبران اسمبلی سے رابطے کرنے اور خاص کر حکمران جماعت کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی سے بات چیت آگے بڑھانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتیں پہلے ہی سردار یعقوب خان پر غیر محسوس طریقے سے اعتماد کا اظہار کر چکی ہیں اور باضابطہ حمایت کے اعلان کے لیے یہی شرط رکھی تھی کہ اگر آپ کی اپنی پارٹی گرین سنگنل دے دیتی ہے تو وہ ان کو قائد ایوان تسلیم کرنے پر اتفاق کر لیں گے۔اب خیال ہے کہ دو ہفتوں میں پی پی پی کا اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جس میں قائد ایوان کا اعلان کیا جائے گا لیکن اس سے قبل اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں