کراچی ۔۔ کشمیر کے مسلہ پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔، سعید غنی

کراچی (دھرتی نیوز) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی اور ملکی سیاسی عدم استحکام کا حقیقی ذمہ دار صرف اور صرف عمران نیازی ہے۔ کشمیر کے اشیو پر معاملات خراب سابق صدر مشرف کے دور میں شروع ہوئے۔ پیپلز پارٹی کا کشمیر کے حوالے سے موقف واضح ہے کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آزاد کشمیر کے غازی ملت پریس کلب کے صدر راشد نذیر کی قیادت میں آزاد کشمیر کے صحافیوں کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کراچی ڈویژن و کنوئیر ڈسٹرکٹ ایسٹ محمد آصف خان، پیپلز پارٹی بلاول ہائوس میڈیا سیل و رہنما سردار نزاکت بھی موجود تھے۔ وفد میں آزاد کشمیر کے سنئیر صحافیوں میں عابد صدیق، عبدالرزاق خان، ریاض شاہد، عمران ایوب ،ساجد محمود، زاہد بشیر شامل تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص صوبہ سندھ اور کراچی کی سیاسی صورتحال، موجودہ بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر غازی ملت پریس کلب آزاد کشمیر کے صدر راشد نذیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جتنا کام آزاد کشمیر، راولہ کوٹ اور دیگر علاقوں میں ہوا وہ نہ اس قبل کبھی ہوا تھا اور اس کے بعد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور آزاد کشمیر کا رشتہ ایک مضبوط رشتہ ہے اور آج بھی آزاد کشمیر کے پرانے لوگ بھٹو کے شیدائی ہیں۔ راشد نذیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کو جامعات، اسپتالوں سمیت کئی تحفہ دئیے ہیں۔ اس موقع پر سعید غنی نے صحافیوں کے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے صحافیوں اور عام عوام کی پیپلزپارٹی سے محبت اس بات کی دلیل ہے کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر پر اپنا واضح موقف قائم رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ موجودہ مہنگائی اور ملکی سیاسی عدم استحکام کا حقیقی ذمہ دار صرف اور صرف عمران نیازی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت مہنگائی ایک حقیقت ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں مہنگائی بھی بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں کہ ملک کو دیوالیہ سے بچانے کے لئے سخت فیصلے کئے جائیں۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کا جانا اس ملک کے لئے ضروری بن چکا تھا اور اگر وہ ابھی تک حکومت میں ہوتا تو یہ آئین کو بھی تہس نہس کرچکا ہوتا۔ سعید غنی نے کہانکہکشمیر کے اشیو پر معاملات خراب سابق صدر مشرف کے دور میں شروع ہوئے اور عمران کی حکومت نے 5 اگست کے کشمیر کے اسپیشل اسٹیٹس کے خاتمہ والے معاملہ کے بعد پاکستان کی جانب سے اپنا مقدمہ درست انداز میں عالمی سطح پر پیش نہیں کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کشمیر کے حوالے سے موقف واضح ہے کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ دیگر مسلم ممالک کا بھی کردار گذشتہ 5 سے 6 سال کے دوران کشمیر کے اشیو پر افسوس ناک رہا پے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں