کے پی ایل، راولاکوٹ ہاکس نے احمد شہزاد کو سیزن ٹو کیلئے کپتان مقرر کردیا

راولاکوٹ، مظفرآباد (دھرتی نیوز) کشمیر پریمئیر لیگ کی دفاعی چمپئن راولا کوٹ ہاکس نے احمد شہزاد کو سیزن ٹو کے لیے کپتان مقرر کردیا، یہ اعلان راولاکوٹ ہاکس کے چیئرمین جان ولی شاہین نے راولا کوٹ میں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ اور مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس تقریب سے راولاکوٹ ہاکس کے چیئر مین جان ولی شاہین، غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے صدر راشد نذیر، کپتان احمد شہزاد، مایہ ناز کرکٹر یاسر حمید،اسسٹنٹ کوچ، ڈائریکٹر وقار اورکزئی، آصف آفریدی، سید اویس شاہ، سردار عبدالرزاق، وجہیہ الاسلام، ساجد محمود انور، خرم ذوالفقار اور دیگر نے خطاب کیا، قبل ازیں راولاکوٹ ہاکس کے کھلاڑی اور آفیشلز جب ٹرافی کے ہمراہ راولاکوٹ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، تقریب میں پونچھ میڈیکل کالج، دی ایجوکیٹرز،پنجاب کالج، جامعہ کشمیر کے طلباء و طالبات، کرکٹ ایسوسی ایشن پونچھ کے نمائندگان،راولاکوٹ انجمن تا جران راولاکوٹ،پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن،سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راولاکوٹ ہاکس کے چیئر مین جان ولی شاہین نے راولاکوٹ میں مسلم ہینڈز کے تعاون سے کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ راولاکوٹ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے بھی مشاورت کی جائے گی اور یہاں کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، اور کے پی ایل ٹو جیتنے کیلئے بھی ہم پر عزم ہیں، راولاکوٹ سے میرا ہمیشہ سے دلی لگاؤ رہا مجھے راولاکوٹ اور یہاں کے لوگوں سے ایک فطری محبت ہے جسے نبھانے کیلئے میں نے راولاکوٹ ہاکس کا انتخاب کیا، جان ولی شاہین نے کہا کہ احمد شہزاد نے گزشتہ سیزن میں نہ صرف ہماری کامیابی میں اہم کردار کیا بلکہ ساتھ ہی ہمارے نوجوان کرکٹرز کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر احمد شہزاد نے کہا کہ راولا کوٹ ہاکس کی ٹیم ان کے دل کے بہت قریب ہے۔گزشتہ سیزن میں ٹائٹل کی کامیابی ان کے کیرئیر کے یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔ انشاللہ سیزن ٹو میں اپنی قیادت میں ٹائٹل کے دفاع کی پوری کوشش کریں گے اور ساتھ مقصد یہ ہے یہ ٹیم کے نوجوان اور خصوصاکشمیری کرکٹرز کے ساتھ اپنے تجربے کو شئیر کرسکوں اور ان کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں، بعدازاں راولاکوٹ ہاکس کی ٹیم اور آفیشلز نے ٹرافی کے ہمراہ شہر کا چکر لگایا اور جگہ جگہ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، انہوں نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کا خصوصی دورہ کیا، اس دوران پریس کلب کے عہدیداران و ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر سول سوسائٹی اور دیگر مکاتب فکر کے افراد بھی موجود تھے، اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جان ولی شاہین اور احمد شہزاد نے کہا کہ کشمیری و پاکستانی قوم کا تعلق یک جاں د و قالب کا ہے اور ہم کشمیر کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، کے پی ایل اس وقت دنیا کا معروف برانڈ بن چکا ہے،اور دنیا بھر کی نظریں اس پر ہیں،اس مرتبہ ہر ٹیم میں پانچ پانچ کشمیری کھلاڑیوں کو کھلایا گیا ہے اور اس سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو مستقبل میں قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ راولاکوٹ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، راولاکوٹ کے لوگوں نے جو پیار محبت اور خلوص دیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا، جس طرح ہمارا استقبال کیا گیا وہ ہماری زندگی کا اثاثہ رہے گا، غازی ملت پریس کلب کی طرف سے مہمانوں کو یاد گاری شیلڈز اور تحائف بھی دیے گئے،

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں