22جولائی کو تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ پر دھرنا دیا جائے گا،جے کے ایل ایف

کھوئی رٹہ ( دھرتی نیوز) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ غلامی جیسی لعنت کو جانور بھی ناپسند کرتے ہیں۔آزادی فطری جذبہ ہے جبکہ غلامی اور قبضہ طاقتوروں اور طالع آزماؤں کا فطرت کے خلاف اٹھایا گیا اقدام ہے۔یٰسین ملک کا بھارتی فرعونیت اور غرور کے سامنے جھکنے سے انکار ہمیں تاریخ انسانی کے ان عظیم لوگوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے اپنے وقت میں ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف سر جھکانے سے انکار کیا اور انسانی تاریخ کے محسن ٹھہرے۔ وہ تحصیل کھوئیرٹہ کے دور دراز اور سیز فائر لائن پر واقع قصبے ٹھنڈی کسّی میں پیغام یٰسین ملک کانفرنس اور شمولیتی پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔کانفرنس کا اہتمام مقبول بٹ شہید یونٹ پھلنی بیڑا کٹہڑا اور ٹھنڈی کسی کے ساتھیوں کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں پہنچنے پر ڈاکٹر توقیر گیلانی اور انکے ساتھیوں کا زبردست خیر مقدم کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت تحصیل صدر لبریشن فرنٹ عابد راجوروی نے کی۔کانفرنس سے خطاب میں لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ریاست جموں کشمیر کے ڈھائی کروڑ لوگوں کو مستقل غلام بنا کر رکھنے اور ریاست کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جبکہ ریاست کے لوگ بدترین جبر، پسماندگی، مہنگائی، بے روزگاری اور سیاسی و معاشی استحصال کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاست کے عوام کے اجتماعی روشن مستقبل اور آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے اس لیے ریاست کے عوام کو لبریشن فرنٹ کی تحریک کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے تا کہ غاصبانہ قبضے اور منحوس خونی لکیر کا جبر ختم کیا جا سکے اور 75سال سے جاری ظلم و بربریت کا خاتمہ ہو۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں