22 جولائی،تیتری نوٹ مارچ کے لیے جے کے ایل ایف کی رابطہ مہم تیز

ہجیرہ، کوٹلی، عباس پور، باغ،میرپور (دھرتی نیوز ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے 22جولائی کو تیتری نوٹ میں شروع ہونے والے آزادی دھرنا کی عوامی رابطہ مہم آزاد کشمیر بھر میں تیزی سے جاری ہے۔ ہجیرہ میں تحصیل بار ایسوسی ایشن سے ملاقات اور خطاب میں زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ ریاست کی آزادی کی تحریک میں حصہ لینا ہر مکتبِ فکر کی ذمہ داری ہے۔ یٰسین ملک قوم کی آزادی کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ آزاد کشمیر بھر کے وکلاء کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس تاریخی پرامن دھرنے کا حصہ بن کر اپنا فرض ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن پر بسنے والے عوام کی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہم سب ملک کر باہر نکلیں اور قبضے کے در و دیوار ہلا دیں۔اس موقع پر صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن زراعت شاہد ایڈوکیٹ، سابق صدر بار واجد علی واجد ایڈوکیٹ، سردار اعجاز ایڈوکیٹ،سردار جاوید ایڈوکیٹ،سردار گوہر ایڈوکیٹ اور دیگر نے لبریشن فرنٹ کے آزادی دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تحصیل بار ہجیرہ کی طرف سے لبریشن فرنٹ کے وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ہجیرہ میں شاپ ٹو شاپ کمپین اور تاجروں سے ملاقاتوں میں ڈاکٹر توقیر گیلانی اور دیگر زعما نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ 22جولائی کے دھرنے میں شرکت کر کے اپنی قومی ذمہ داری نبھائیں۔دھر بازار ہجیرہ میں کمپین کیمپ کی افتتاحی تقریب اور تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ پر تنظیمی ساتھیوں اور عوام علاقہ سے ملاقاتوں میں زونل صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پرامن تحریک کو منظم و مضبوط بنانے کیلئے لبریشن فرنٹ کا ساتھ دیں اور 22جولائی کو دنیا پر واضح کر دیں کہ ریاست کے لوگ آزادی چاہتے ہیں۔ کوٹلی، نکیال اور کھوئیرٹہ میں تنظیمی ساتھیوں کے ساتھ اجلاسوں میں ضلعی صدر لبریشن فرنٹ ایاز کریم، اشفاق جعفری، اعزاز شاہ اور دیگر نے تنظیمی کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ عوام تک 22جولائی کا پیغام تیزی سے پہنچائیں۔ عباس پور میں ضلعی صدر پونچھ سردار مدثر امتیاز، ممبر سپریم کونسل سردار عابد ایوب، تحصیل صدر سردار مجید اور دیگر راہنماؤں کی قیادت میں لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے کارکنان عوامی رابطہ مہم میں مصروف ہیں۔باغ میں زونل جنرل سیکریٹری جہانگیر مرزا، ضلعی صدر غلام اکبر ماگرے اور ایس ایل ایف کے ضلعی صدر عبد الرحمن انقلابی کی قیادت میں کارکنان عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ضلع پونچھ میں بھی ضلعی صدر سردار مدثر، جنرل سیکریٹری سردار کبیر خان، امتیاز، کنوینر ایس ایل ایف سردار صدام، سردار عثمان، سردار امان، سردار رمضان، سردار دانش، حنان بٹ، سعید شاہ اور دیگر راہنماؤں کی قیدت میں کارنر میٹنگز، اجلاسوں اور ڈور ٹو دور مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ میرپور میں ضلعی صدر سعد انصاری ایڈوکیٹ، ایس ایل ایف کے مرکزی سیکریٹری راجہ دانش،لبریشن فرنٹ تحصیل ڈڈیال کے صدر ناظم راجہ اور دیگر راہنماؤں کی قیادت میں عوامی رابطہ مہم تیزی سے جاری ہے۔ متعدد مقامات پر رابطہ عوام کیمپ بھی لگا دیے گئے ہیں جن کے ذریعے عوام کو دھرنے کی اہمیت و افادیت اور قومی ضرورت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں