34ویں نیشنل گیمز 15 مئی تک کوئٹہ میں ہو ں گی،آزاد کشمیر کی علیحدہ سے نمائندگی ہو گی

34ویں نیشنل گیمز 15 سے 23 مئی تک کوئٹہ میں ہو ں گی،آزاد کشمیر کی علیحدہ سے نمائندگی ہو گی
کوئٹہ،مظفراباد(دھرتی نیوز)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) نے 34ویں نیشنل گیمز کے لیے کوئٹہ کو میزبان کے طور پر منتخب کیا ہے اور اس عمل کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک دستاویز میں، POA نے کمیٹی کے تمام اراکین کی تصدیق بھی کی۔یہ مقابلے 15 سے 23 مئی تک ہو ں گے جن میں 3000 سے زائد ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو گیمز مینجمنٹ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ ہوں گے۔ پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن اور بلوچستان کے وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ کمیٹی کے سرپرست کے طور پر ان کے ساتھ شامل ہیں۔متعلقہ سپورٹس مینجمنٹ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ممبران اپنی تمام صوبائی ایسوسی ایشنز کے صدور اور سیکرٹری جنرل کے طور پر کام کریں گے۔POA کے سیکرٹری محمد خالد محمود نے کہا کہ امید ہے کہ یہ پاکستان میں منعقد ہونے والے اب تک کے بہترین کھیلوں میں سے ایک ایونٹ ہو گا۔انتظامی کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کھیلوں کے مقابلے قواعد و ضوابط کے مطابق منعقد ہوں، کھیلوں کا مناسب سامان،ایونٹ کی نمائش کی تیاری اورکھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مناسب اور آرام دہ رہائش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔پاکستان سپر لیگ (PSL) کی جانب سے صوبے میں میچوں کی میزبانی کی پیشکش کو واپس لینے کے بعد، قومی کھیل کوئٹہ کو پورے پاکستان کے سامنے اپنی اہمیت دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔اس چمپیئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت پاکستان آزاد کشمیر کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔سیکرٹری اسپورٹس آزادکشمیر حکومت محمد رقیب خان نے بتایا کہ چمپئین شپ میں بھر پور شرکت کے لیے آزاد کشمیر کے تمام ضلعی اسپورٹس بورڈز میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن یکم مئی تک مکمل کر لی جائے گی جس کے بعد مختلف ایونٹس کے لیے قومی سطح کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں