اساتذہ کا 10 جولائی سے لانگ مارچ اور احتجاجی دھرنے کا اعلان

مظفرآباد (دھرتی نیوز) سکیل اپ گریڈیشن، اساتذہ کا 10 جولائی سے لانگ مارچ اور احتجاجی دھرنے کا اعلان، آزاد جموں و کشمیر سکول ٹیچرز آگنائزیشن کے صدر تاصف شاہین اور سیکرٹری جنرل عامر فردوس اعوان کی جانب سے چیف سیکرٹری مکتوب تحریر کر دیا گیا۔ 10 جولائی کو اساتذہ بھمبر سے مظفرآباد کی طرف سے لانگ مارچ کریں گے جبکہ 11 جولائی کو چھتر چوک میں احتجاجی دھرنا دینگے۔ چیف سیکرٹری کے نام تحریر کیے گئے مکتوب کے مطابق سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے عہدیداران کا مؤقف ہے کہ حکومت نے نامساعد حالات کے باوجود وزراء کی تعداد میں تو اضافہ کر دیا لیکن اساتذہ کے 14 سال سے تسلیم شدہ حق سکیل اپ گریڈیشن معہ مروجہ ٹائم سکیل کے دیرینہ مطالبہ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔ ٹیچرز آرگنائزیشن کی مجلس عاملہ کے فیصلہ کے مطابق 8 جولائی تک تدریسی عمل کا بائیکاٹ جاری رہے گا جبکہ 10 جولائی کو آزاد کشمیر بھر کے اساتذہ بھمبر سے براستہ پونچھ ڈویژن مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ شروع کریں گے اور 11 جولائی کو جملہ اساتذہ چھتر چوک میں اپنے جائز اور تسلیم شدہ حق کے حصول کے لیے احتجاجی دھرنا دینگے۔ ٹیچرز آرگنائزیشن کے عہدیداران نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے اساتذہ کے سکیل اپ گریڈیشن معہ مروجہ ٹائم سکیل کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے اور یکم جولائی 2023ء (مؤثر بماضی) سے اس کے اطلاق میں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ اساتذہ آزاد کشمیر جو 10 سالوں سے ذہنی کرب کا شکار ہیں ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو سکے اور وہ دلجمعی سے اپنے تدریسی فرائض سرانجام دے سکیں۔ ٹیچرز آرگنائزیشن کے عہدیداران کا کہنا ہے اساتذہ لانگ مارچ، احتجاج اور دھرنا مکمل طور پر پرامن رہیں گے، احتجاجی پروگرام میں کسی قسم کی رکاوٹ پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی مکمل ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور حکومت آزاد کشمیر پر عائد ہو گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں