’تفریح میلہ“ مخالفین کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس احکام کو تو ہین عدالت کا نوٹس

راولاکوٹ(دھرتی نیوز) راولاکوٹ پولیس کی طرف سے عدالتی حکم کے باوجود”میلہ مخالفین“ کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر درخواست گزار باسط خورشید نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔عدالت نے ایس ایس پی پونچھ اور ایس ایچ او راولاکوٹ سٹی پولیس سٹیشن کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 11جولائی کو طلب کر لیا۔ ایس ایس پی اور ایس ایچ او کی جانب سے ہفتہ کے روز ہی تحریری جواب عدالت میں جمع کرواتے ہوئے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے اور درخواست گزار کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دیوانی عدالت سے رجوع کرے۔ ایس ایس پی پونچھ کی جانب سے نوٹس کے جواب میں لکھاگیا کہ معاملہ ہذا دیوانی نوعیت کا تھا، جسکی نسبت تفصیلی رپورٹ عدالت کو ارسال کی جا چکی تھی۔ لہٰذا استدعا ہے کہ اظہار وجوہ نوٹس کو داخل دفتر فرمایا جائے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 4جولائی کو سیشن جج راولاکوٹ نے گرینڈ جرگہ کے ذمہ داران اور میلہ رکوانے میں شامل دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیاتھا۔درخواست گزار باسط خورشید نے زیر دفعہ 22 اے کے تحت یہ درخواست سیشن عدالت میں دائر کر رکھی تھی۔ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں شاہد خورشید سکنہ اپر متیالمیرہ، اتفاق حسین سکنہ ترنوٹی، فرید احمد سکنہ علی سوجل، نجیب ریاض سکنہ راولاکوٹ سمیت دریک عیدگاہ میں اجلاس منعقد کر کے میلہ رکوانے میں کردار ادا کرنے، سوشل میڈیا پر مہم چلانے، پروپیگنڈہ کرنے اور تقاریر کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی اپیل کر رکھی تھی۔ تاہم پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج سے انکار کے بعد درخواست گزار نے سیشن عدالت سے رجوع کیا۔ منگل چار جولائی کو فیصلہ سناتے ہوئے مندرجہ بالا افراد کے اقدامات کو قابل دست اندازی جرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار کی درخواست پر دفعہ 154 ض ف کے تحت ایف آئی آر درج کر کے مطابق قانون کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ باسط خورشید نے لکی ایرانی سرکس نامی فیملی میلہ کے اپنی اراضی میں انعقاد کیلئے انتظامیہ سے اجازت حاصل کر رکھی تھی۔ تاہم گرینڈ جرگہ نامی گروہ، کچھ کالعدم قرار دی گئی تنظیموں کے ذمہ داران کے علاوہ علاقہ کے کچھ افراد نے میلہ کے انعقاد کے خلاف مہم چلائی اور میلہ کے انعقاد کو بزور طاقت رکوانے کیلئے بیان بازی کے علاوہ اجلاس منعقد کئے تھے۔ انتظامیہ کی مداخلت کے بعد باسط خورشید منظوری کے باوجود میلہ کا انعقاد نہیں کروا سکے۔ تاہم بعد ازاں راولاکوٹ شہر میں ممبر میونسپل کارپوریشن سردار طارق اسلم کی اراضی پر میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ باسط خورشید نے درخواست میں موقف اختیار کر رکھا تھا کہ انکے آئینی اور قانونی حقوق کو متاثر کیا گیا، انکا مالی نقصان کروایا گیا اور انکے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرتے ہوئے لوگوں کو اشتعال دینے اور تشدد پر اکسانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں