”منشیات کا بڑھتا رحجان“ آگہی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا اہتمام

راولاکوٹ(دھرتی نیوز)راولاکوٹ میں قائم ایک نجی تعلیمی ادارے پام ٹری انٹرنیشنل میں ”منشیات کے بڑھتے ہوئے رحجان“ سے متعلق چلائی جانے والی آگہی مہم کے سلسلے میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔سیمینار میں اسکول کے اسٹاف ممبران اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ایم ایچ راولاکوٹ میں تعینات کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر عروبہ امتیاز نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رحجان اور معاشرے پر اس کے اثرات سے متعلق بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ منشیات کی اس لعنت سے سب سے زیادہ طلباء متاثر ہوتے ہیں جو بہت جلد اس کا اثر لیتے ہیں۔طلباء کو اس برائی سے بچانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔بچوں کی روزمرہ سرگرمیوں پر جہاں والدین نظر رکھ سکتے ہیں وہاں اساتذہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی بچے غیر معمولی سرگرمی دیکھیں،اسکول انتظامیہ بچے کے والدین سے شیئر کریں اور بچوں پر سختی کرنی کی بجائے ان کی کونسلنگ پر توجہ دی جائے تاکہ اس کی سمت درست ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو جھگڑے اور بری سو سائٹی بعض دفعہ منشیات جیسی برائیوں کا سبب بنتی ہے۔ہمیں بچوں کی تربیت ان عوامل کو مدنظر رکھ کر کرنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے حکومت کام کر رہی ہے لیکن ہمیں اگہی مہم کے ذریعے بچوں کو اس کے برے اثرات سے آگاہ کرنا ہو گا اور یہ کام کوئی فرد واحد نہیں کر سکتا ہم سب کو مل کر اس برائی کے خلاف جہاد کرنا ہو گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں