فارمولہ طے،آصف زرداری صدر،شہباز شریف وزیراعظم

اسلام آباد (دھرتی نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ پانچ سالوں کے لیے وفاق میں مل کر حکومت سازی کا اعلان کرتے ہوئے شہباز شریف کو وزیر اعظم اور آصف علی زرداری کو صدر مملکت کے عہدے کے لیے نامزد کردیا ہے۔اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے لیے قائم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی کمیٹیوں نے بڑی محنت کے بعد اپنا کام مکمل کیا ہے۔ میں اب آپ کو بتا سکتا ہوں کہ اب پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے نمبرز پورے ہو چکے ہیں اور ہم حکومت سازی پر عملدرآمد کریں گے، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو جماعت سنی اتحاد کونسل کے نام سے قومی اسمبلی میں موجود ہے، ان کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز موجود نہیں تھے اور اب پاکستان کو اس بحران سے نکالنے اور ہمارے معاشرے میں پھیلی تقسیم کو ختم کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی مل کر حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ جلد از جلد شہباز شریف ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور ہم سب کی دعا یہ ہے کہ حکومت کامیاب ہو اور جو ہمارے اندرونی مسائل، بیرون ملک جو ہمارے مسائل ہیں، پاکستانیوں کو معیشت میں درپیش مشکلات کا حل نکالنے کے لیے اللہ تعالیٰ ہمارا ساتھ دے اور ہم کامیاب ہو جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے الیکشن کے بعد جو صدر پاکستان کا الیکشن ہونے جا رہا ہے تو اس میں بھی ہم مسلم لیگ(ن) کے شکر گزار ہیں کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار صدر زرداری کی حمایت کررہے ہیں اور صدر پاکستان کے لیے ہمارے مشترکہ امیدوار صدر آصف علی زرداری ہوں گے۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ چند دن پہلے اور درجہ بدرجہ پیپلز پارٹی کے زعما نے جیت کر آنے والے آزاد امیدواروں کو یہ پیغام دیا کہ اگر وہ حکومت بنا سکتے ہیں تو بڑے شوق سے بنائیں، قوم کو اپنی اکثریت دکھائیں، ہم ناصرف اس وک دل سے قبول کریں، ا کو مبارکباد پیش کریں گے اور آئین کے مطابق ہم باقاعدہ اپوزیشن بینچز پر بیٹھیں گے اور وہ کاروبار حکومت چلائیں کیونکہ یہ اس وقت ملک کی اہم ترین ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ پرنس چارمنگ شہباز شریف اور دیگر دوستوں کوویلکم کرتے ہیں اور ہماری جستجو صرف پاکستان اور آنے والی نسلوں کے لیے ہے۔ان کا کہان تھا کہ ہمارا اتحاد صرف پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے ہے اور میں اپنی بہنوں، ماؤں اور بیٹیوں سے دعا کا ملتمس ہوں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں