مسلہ کشمیر پر دنیا کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ہمیں‌درست سمت کا تعین کرنا ہو گا،سردار علی شاہنواز

راولاکوٹ (دھرتی نیوز)کشمیر سکینڈے نیوین کونسل( ناروے) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز نے کہا ہے کہ موجودہ وقت بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے اور ان کا بیرونی دنیا سے رابط ختم ہو چکا ہے،ان حالات میں بیرون ملک آباد خصوصاً یورپی ممالک،امریکہ اور کنیڈہ میں مقیم کشمیریوں ،آزادکشمیر کی سیاسی لیڈرشپ اور ریاستی پریس کی ذمہ داریاں زیادہ بنتی ہیں کہ وہ اس مسلے کو عالمی سطع پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ یہاں غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں “میٹ دا پریس” سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ستر سالوں میں بھی ہم دنیا کو یہ باور کروانے میں ناکام رہے کہ بھارت کس طرح کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اس کی ایک وجہ یہ ہے ہماری بہت ساری تنظیمیں اور لیڈر شپ مذہب اور سیاست کو اگھٹا کر کے چل رہے ہیں جسے بھارت منفی پروپیگنڈہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے، ہمیں اگر دنیا کی حمایت حاصل کرنی ہے تو اپنی سمت درست کرنی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ میری اور میرے ادارے کی کاوشوں سے ناروے کی پارلیمنٹ کے اندر کشمیر کے مسلہ پر پارلیمنٹری گروپ بنوایا گیا اور بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ کشمیر سیکنڈے نیوین کونسل گزشتہ ستائس برسوں سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششیں کررہی ہے اور اب اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ موجودہ وقت گزشتہ ستر سالوں میں ایک مشکل ترین وقت ہے اور ہمیں اپنا کردار پہلے سے زیادہ ادا کرنا ہو گا ورنہ کشمیریوں نے آزادی کے حصول کے لیے جو مثالی جدوجہد کی اور تاریخی قربانیاں دیں وہ راہیگاں چلی جائیں گی۔اگر ہم اپنی سمت درست کر کے دنیا کو قائل کر سکیں تو وہ وقت دور نہیں جب پوری عالمی برادری کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی اور کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی بعض پالیسیوں سے اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن اسے ناراض کر کے یا نظرانداز کر کے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔واضع رہے کہ علی شاہ نواز کا تعلق راولاکوٹ سے ہے اور وہ ان دنوں وطن واپس آئے ہوئے ہیں ۔ وہ پوری دنیا خاص کر کے یورپی ممالک میں کشمیر کے مسلہ پر لابنگ کرنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں ۔ صدر پریس کلب راشد نذیر نےانہیں پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور کلب کی جانب سے انہیں بہترین خدمات پر شیلڈ پیش کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں