آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس، زکوۃ و عشر ایکٹ 1985 دفعہ 12 میں ترمیم کی منظوری

مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزراء کرام، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔ کابینہ نے زکوۃ و عشر ایکٹ 1985 دفعہ 12 میں ترمیم اور ڈرافٹ آف آزادجموں وکشمیر سوشل پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے محکمہ بہبود آبادی کے ریٹائرڈ /وفات پاجانے والے ملازمین کی پنشن کی ادائیگیوں اور دیگر مراعات کی فراہمی کے حوالہ سے وزیر خزانہ عبدالماجد خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ۔ کمیٹی میں وزرا حکومت چوہدری محمد رشید، چوہدری یاسر سلطان ، مشیر حکومت سردار محمد حسین خان اور تین سیکرٹریز حکومت شامل ہیں ۔ کمیٹی ایک ماہ میں اس حوالہ سے رپورٹ مرتب کر کے پیش کریگی۔کابینہ نے سرکاری اداروں کے کسی بھی پروگرام۔تقریب یا اجلاس سے پہلے تلاوت کلام پاک کے بعد درود ابراہیمی پڑھنے کو لازمی قرار دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے برسر پیکار کشمیر یوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیری عوام نے ہندوستان کے بد ترین ظلم و جبر کے سامنے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستان کے بدترین مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکے۔ آزادکشمیر، پاکستان و گلگت بلتستان کے عوام مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی پشت پر ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی سے ہندوستان کی جعلی جمہوریت کا پردہ دنیا سے سامنے چاک ہو گیا ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے باز رکھے اور کشمیریوں کو بنیادی حق، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کا قیام شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت آزادخطہ کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیا س خان نے شمالی وزیر ستان میں ہونے والے خود کش حملے کی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے حملہ میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسزکے آفیسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی وکشمیری قوم کو اپنی بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے۔ افواج پاکستان نے دفاع وطن کیلئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے۔ دہشگردی کے خلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے دہشتگردوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ساری قوم متحد ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں