آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق شیڈول کا اعلان 15 اگست تک متوقع

راولاکوٹ(دھرتی نیوز)ممبرآزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات ستمبر میں ہوں گے اور زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ 15 اگست تک انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا جائے.وہ راولاکوٹ میں ڈپٹی کمشنر کے پاس دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے بعد صحافیوں کو بریفگ دے رہے تھے.انہوں نے کہا کہ عدالت نے ہمیں 15 اکتوبر تک انتخابی مراحل مکمل کرنے کی مہلت دی ہے.اس دفعہ ساڑھے بارہ فیصد کوٹہ خواتین اور نوجوانوں کے لیے بھی رکھا گیا ہے جس کا مخصوص نشستوں کی طرز پر علیحدہ سے شیڈول کا اعلان ہو گا،اور قواعد کے مطابق 40 دن پہلے الیکشن شیڈول کا اعلان ضروری ہے اس لیے زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ 15 اگست تک الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا جائے.انہوں نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے تحت یہ انتخابات ایک ہی دن پورے آزاد کشمیر میں ہوں گے اس لیے حکومت کے پاس سیکورٹی اہلکاران کی تعداد کم ہے اس لیے ہم نے وفاقی حکومت کو لکھا ہے کہ وہ ان انتخابات میں امن امان قائم رکھنے کے لیے 35000 کے قریب سیکورٹی اہلکاران جن میں پولیس،ایف سی اور رینجرز شامل ہے مہیا کرے اور ہمیں یقین ہے کہ وقت مقررہ پر یہ نفری ہمیں مل جائے گی.ان کا کہنا تھا کہ حتمی ووٹر فہرستیں جاری ہو چکی ہیں جو کوئی غلطی ہے اسے بھی دور کیا جا رہا ہے ،حلقہ بندیاں بھی کی جا چکی ہیں ،فنڈز کا بھی اب کوئی ایشو نہیں رہا اس لیے انتخابات ہر حال میں وقت مقررہ پر ہوں گے.ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے اور اس میں جنرل انتخابات کی نسبت ایک چھوٹ دی گئی ہے کہ جنرل انتخابات میں سرکاری ملازم کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد دو سال تک الیکشن لڑنے کی پابندی عائد ہوتی ہے لیکن ان انتخابات میں ریٹائرمنٹ کے ایک دن بعد بھی الیکشن لڑے جا سکتے ہیں.الحاق پاکستان کی شق بھی برقرار رہے گی اور باقی سارے رولز وہی اپلائی ہوں گے جو جنرل الیکشن کے لیے بنائے گے ہیں.انہوں اس بات پر زور دیا کہ کیونکہ یہ انتخابات 1991 کے بعد پہلی مرتبہ ہو رہے ہیں اس لیے ایک پوری نسل اس سسٹم سے نا آشنا ہے ،صحافیوں پر زیادہ ذمہ داریاں بنتی ہیں کہ وہ ان انتخابات کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ اگہی مہم چلائیں جبکہ اس حوالے سے مختلف جہگوں پر سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں