حکومت غداری کے فتوے دینا بند کرے،راجہ فاروق حیدر

راولاکوٹ ( دھرتی نیوز) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سابق صدر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیر نا قابل وحدت ہے، کوئی مائی کا لال اسے تقسیم نہیں کر سکتا، پندرویں ترمیم پاس کرانے کی کوشش کی گئی تو آزاد کشمیر بھر کے لوگوں کو مظفرآباد بلا کر قانون ساز اسمبلی کا گھیراؤ کرو ں گا ،اب یہ تحریک راولاکوٹ نہیں بلکہ پورے کشمیر کی تحریک بن چکی ہے، آپ نے ہمیشہ قیادت کی اس تحریک کا سہرا بھی آپ کے سر سجے گا،وہ اتوار کوراولاکوٹ میں پیپلز رائٹس فورم پونچھ کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے بعد احتجاجی مظاہرین سے خطاب کر رہے تھے.انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اب راولاکوٹ کی تحریک نہیں رہی بلکہ پوری ریاست کی تحریک بن گئی ہے. آپ لوگ باقی نو اضلاع کے لوگوں سے بھی ملیں ان کو ساتھ شامل کریں ،مظفرآباد کے تینوں حلقوں میں آپ کے ساتھ جانے کے لئے تیار ہوں. انہوں نے کہا آزاد کشمیر کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ قرار دیا جائے ،تمام لوگ جن کے خلاف ایف آئی آر ہے ایف آئی آر ختم کی جائے اور ان کو رہا کیا جائے اور غداری کے فتویٰ نہ دیے جائیں. آزاد کشمیر میں کوئی غدار نہیں سب لوگ ملک کے وفا دار ہیں. انہوں نے کہا کہ پندرویں ترمیم کبھی بھی منظور نہیں ہو گی .جو کوئی ممبر اسمبلی اس کی حمایت کرے گا اس کو اسمبلی سے باہر نہیں نکلنے دیں گے. ہم وزیر اعظم پاکستان سے بھی کہتے ہیں آپ لیٹر واپس لیں اور جو لوگ آپ سے یہ کروا رہے ہیں انہیں منع کریں. آزاد کشمیر کی حکومت کو پورے کشمیر کی نمائندہ حکومت تسلیم کیا جائے تاکہ ہم خود اپنی بات دنیا کے سامنےرکھ سکیں. انہوں نے کہا کہ آپ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ آپ نے اس تحریک کا آغاز کیا اب یہ تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی. انہوں نے کہا کہ ٹورزم اٹھارٹی کبھی بھی قابل قبول نہیں ہے یہ یہاں کی خوبصورت وادیاں فروخت کرنا چاہتے ہیں جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں