راولاکوٹ،شاہرات بند کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) پونچھ انتظامیہ نے احتجاج کی آڑ میں سڑکیں، چوراہے بلاک کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی ان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی، ایسے افراد کا تعین کرکے پولیس کو کارروائی کیلئے تحریک کردی گئی ہے ڈپٹی کمشنر پونچھ کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مارچ کے بعد لوڈ شیڈنگ کا بحران پیدا ہوا جس کے بعد آزادکشمیر سمیت پاکستان میں بھی یکساں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، اس کے خلاف عوام سراپا احتجاج رہے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، جبکہ تحصیل راولاکوٹ، تھوراڑ، ضلع پونچھ میں ایک مخصوص ذہنیت کے لوگ اس صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر معینہ مدت تک راستے بند کرنے، مسافروں کو اذیت دینے، جنگلات کو نقصان پہنچانے اور بالخصوص راولاکوٹ کا تعارف ریاستی و ملکی سطح پر بری طرح متاثر و خراب کر رہے ہیں، گزشتہ ہفتہ راولاکوٹ میں ٹورازم بری طرح متاثر ہوا جس کے ذمہ دارافراد کا تعین کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے، ایسے افراد اپنے مذموم مقاصد کیلئے بعض رجسٹرڈ تنظیموں کو بھی استعمال کر رہے ہیں، پولیس کو حکم جاری کردیا گیا ہے کہ سڑک بند کرنے والے یا چوکوں میں دھرنا دینے والے افراد کے خلاف انٹی ٹیرراسٹ ایکٹ کے ذریعہ ایف آئی آر درج کی جائیں تاکہ خوبصورت وادی کا تاثر خراب کرنے والے عناصر کے خلا ف آہنی ہاتھوں سے نمٹاجا سکے، بعض افراد جعلی فیس بک آئی ڈیز بنا کر حکومتی عہدے داران، قومی سلامتی کے اداروں، ریاستی ڈھانچے میں شامل اہم شخصیات کی کردار کشی میں مصروف ہیں، متعلقہ اداروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ ایسی جعلی آئی ڈیز چلانے والے افراد کا سراغ لگا یا جائے اور سائبر کرائم کے تحت مقدمات درج کئے جائیں تاکہ ان مادر پدر آزاد افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں