سوشل میڈیا کا منفی استعمال کرنیوالے عناصر کی گرفتاریوں کا فیصلہ

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) کمشنر پونچھ ڈویثرن انصر یعقوب نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر کچھ شر پسند عناصر سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے قومی ریاستی اداروں اور اشخاص کے خلاف حقائق کے برعکس خبریں پھیلا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں اور شخصیات کے خلاف لغو اور خلاف حقائق تبصرے سے گریز کیا جائے،گھر کے کسی گوشے میں بیٹھے یہ لوگ آزادی کا غلط استعمال کرتے ہوئے اشتعال پر مبنی مواد سوشل میڈیا پر ڈال دیتے ہیں،جواباً ایک دوسرے کے خلاف لفظوں کے وار ہوتے ہیں،نازیبا جملے استعمال کیے جاتے ہیں جس سے کسی علاقے اور خطے کے لوگوں کا سکوں اور امن برباد ہو جاتا، انہوں نے کہا کہ اگر سوشل میڈیا پر منفی اور خلاف حقائق پروپگنڈا کرنے والے عناصر اپنے فعل سے باز نہ آئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اسے تمام عناصر کو سوشل میڈیا کرائم کے زمرے میں سخت سزا دی جائے گی۔کمشنر آفس مظفرآباد سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق قومی اداروں،شخصیات،نظریات کیخلاف سوشل میڈیا پر تبصرہ اور کمنٹس کرنا قانونی اور اخلاقی جرم ہے جو کہ قابل گرفت ہے۔لہذا سوشل میڈیا کے تمام ذرائع کو پروپیگنڈہ کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔غیر قانونی اور غیر اخلاقی پروپیگنڈہ کے ذمہ داران کو گرفتار کر کے عدالتوں کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ڈویژنل سطح پر مانیٹرنگ ٹیم مامور کردی گئی ہیں،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈان کیا جائے گا۔ترجمان کمشنر آفس مظفرآباد ڈویژن کے مطابق ایسے تمام لوگوں کی ڈیجیٹل شناخت کے تعین کرنے کی کی ٹیکینکل کپیسٹی موجود ہے۔ تمام وٹس ایپ گروپس،فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا کے ذرائع پر اپنی آئی ڈیز یا نام بدل کر مختلف آئی ڈیز اور پیجز پر جو لوگ پروپیگنڈہ کرتے ہیں وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ورنہ انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے کوئی بھی نام بدل کر خفیہ آئی ڈی کے ذریعے قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں