عمران خان کے گرد گھیرا تنگ،اب مضبوط ہاتھ ڈالا جائیگا، وزیر دفاع

سیالکوٹ(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کا ادراک ہے، آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوں گے، عمران خان کا ایجنڈا ملک میں انتشار اور فساد پھیلانا، ان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے، اور اس کے خلاف ایسی تحقیقات جاری ہیں کہ اس پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا، شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص اپنے خون کا وفا دار نہیں، آج ادارے آئینی حدود میں رہ رہے ہیں تو یہ ان پر کیچڑ اچھالتا ہے، ہم تمام اداروں کا دفاع کریں گے، عمران خان کا ایک ہی مشن ہے کہ ہمارا ایٹمی ملک اندر سے کمزور ہو، آئین کے مطابق فیصلے کرنے کے باوجود بھی ان کو الیکشن کمیشن قبول نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کے رو زسیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اب ایسا وقت شروع ہو چکا ہے کہ اس ملک میں صرف اور صرف آئین کی حکمرانی ہوگی اور 2023 میں آئین کے مطابق شفاف انتخابات ہوں گے، تحریک انصاف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق فیصلے کرنے کے باوجود بھی ان کو الیکشن کمیشن قبول نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ چار برس میں سیالکوٹ شہر کا جو حال کیا گیا ہے میں اس کی تفصیل میں نہیں جاتا کیونکہ عوام اس کے گواہ ہیں کیونکہ اس شہر میں ایک اینٹ بھی نہیں لگی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج تک جن ہستیوں اور اداروں کے ساتھ ان کی غرض تھی چاہے وہ دفاعی ادارے تھے یا عدلیہ یا پھر الیکشن کمیشن ہو ان کی یہ لوگ تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے اور ان کے نزدیک تمام اداروں کی وصف صرف ایک ہی ہے۔ ان لوگوں کی ایک ہے سوچ تھی کہ ادارے ان کی حمایت کریں اور حمایت نہ کریں تو غلط مگر اب یہ ہرگز نہیں ہوگا، ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ ہمارا اپنا ادارہ پارلیمنٹ ہو یا دیگر ادارے ہم ان سب کا دفاع کرتے ہیں اور اسی طرح ملک دشمنوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی مقصد ہے کہ ایٹمی طاقت رکھنے والا پاکستان اندر سے کمزور ہو، اس کے ادارے کمزور و منتشر ہوں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں