قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی بدھ تک ملتوی

مظفرآباد (پی آئی ڈی)سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازا سمبلی کا اجلاس منگل کے روز تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبران ا سمبلی وقار احمد نور اور شاہ غلام قادر نے تحریک التوا پیش کیں جنہیں ایوان میں بحث کے لیے منظور کر لیا۔ دونوں معزز ممبران کی تحریک التوا پر بدھ کو بحث ہو گی۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب کی جانب سے پیش کیے جانے والے توجہ طلب نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو صحت کی سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جہاں ضرورت پڑے گی،بی ایچ یو کے عملہ کو تبدیل کریں گے۔ممبر اسمبلی نثارہ عباسی کی جانب سے پیش کیے جانے والے توجہ طلب نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ مہاجر کیمپ امبور میں قبرستان کا مسئلہ جلد یکسو کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دیگر جگہوں پر بھی قبرستان کے لیے جگہیں مختص کر دی ہیں۔ اجلاس کے دوران سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کے پی ایل اور سپورٹس بورڈ کے درمیان ہونے والے معاہدہ کو ایوان میں پیش کرنے کی رولنگ بھی دی۔ آخر میں سپیکر قانون ساز اسمبلی نے اجلاس بدھ کے روز 11بجے تک ملتوی کر دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں