محکمہ صحت آزادکشمیر کے کنٹیجینٹ ملازمین کے مسائل حل کرنے ہدایت

اسلام آباد(پی آئی ڈی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے محکمہ صحت کے ایم این سی ایچ پروگرام کے کنٹیجینٹ ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری طور پر انصاف کی فراہمی کیلئے سیکرٹری مالیات، سیکرٹری سروسز، سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر ان سینکڑوں ملازمین کی بحالی اور بقیہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رپورٹ تیار کرکے پیش کریں۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولت دینے والے اور ریاستی مشینری کے طور پر کام پر اہم ذمہ داریاں ادا کرنے والے ملازمین کے ساتھ کسی بھی صورت زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی اس حوالے سے متعلقہ ذمہ داران ہنگامی بنیادوں پر کم سکیل پر کام کرنے والے ان ملازمین کے مسائل سنیں اور انکے تمام جائز مطالبات پورے کرنے کیلئے رپورٹ تیار کرتے ہوئے پیش کریں۔ ملازمین نیشنل ایم این ایچ پروگرام آزادکشمیر کی طرف سے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ کنٹیجنٹ ملازمین کو فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بنا کر ان کو نوکریوں سے فارغ کیا جارہا ہے اور پچھلے چھ ماہ کے دوران ان ملازمین سے دن رات کام لیا گیا لیکن صرف ایک ماہ کی تنخواہ ادا کی گئی اور اب ان ملازمین کو فارغ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، ملازمین نے وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست بھر کے ایک سو سے زائد غریب اور چھوٹے سکیل کے ملازمین کے چولہے بند نہ کیے جائیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے ملازمین کی اپیل پر فوری طور پر سیکرٹری مالیات، سیکرٹری سروسز، سیکرٹری صحت اور محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کر دی ہے کہ ان ملازمین کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے اور ان کے مطالبات پورے کرے کرنے کیلئے فوری طور پر رپورٹ تیار کر کے حکومت کو پیش کی جائے۔ سردار تنویر الیاس خان نے ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں کسی بھی ملازم کے ساتھ نہ انصافی نہیں کی جائے گی، شعبہ صحت انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور عوام کو صحت کی بنیادی سہولت مہیا کرنے والے ملازمین سرکاری مشینری کا اہم جزو ہیں، ان کو رپورٹ آنے پر ملازمتوں پر بحال کرنے سمیت تمام بقایات جات کی فوری ادائیگی بھی کی جائے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں