موسمیاتی تبدیلیاں، شجرکاری کو فروغ دینے کا فیصلہ

مظفرآباد(دھرتی نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا آزاد جموں و کشمیر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے اور ریاست میں پھلدار اور پھول دار پودوں کی کاشت بڑھانے کیلئے بڑا قدم۔آزاد جموں و کشمیر میں امسال شجر کاری مہم کے دوران انار کے دو لاکھ، سیب، اخروٹ، زیتون اور آم کے ایک ایک لاکھ، چیری کے پچاس ہزار اور ناشپاتی، آلو بخارہ اور خوبانی کے تیس تیس ہزار پودہ جات لگانے کی ہدایت۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے سیکرٹری زراعت کو جاری حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ آزاد کشمیر کے پچیس ہزار کنال رقبہ پر زعفران کاشت کی جائے۔ 300ایکڑ رقبہ جات پر گلاب اور دیگر پھول دار پودے لگائے جائیں تا کہ پھول دار پودہ جات کمرشل مقاصد کے لیے بھی استعمال ہو سکیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ درخت بنی نوع انسان اور دیگر مخلوقات کے لیے قدرت کی جانب سے دیا گیا ایک عظیم تحفہ ہیں۔میری تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے اور اپنے اس خطہ کی خوبصورتی میں ہم اپنا کردار ادا کریں اور اپنی آنے والی نسلوں کو آلودگی اور موسمیات کی خرابی سے بچانے کیلئے بڑھ چڑھ کر شجرکاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے کرہ ارض کے درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا بھر کے درجہ حرارت میں اضافہ اقوام عالم کے لیے الارمنگ صورتحال پیدا کررہا ہے جس سے انسانی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔درختوں کی کمی کی وجہ سے زمین پربارش اپنے ساتھ مٹی بھی بہا کر لے جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں سیلاب آتے ہیں۔ درخت ہی سیلاب کو کم کرنے کا ذریعہ ہیں۔زمین کے کٹاؤ کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے درختوں کی کٹائی پر پابندی لگائی ہوئی ہے اس سلسلہ میں شہری بھی اپنا کردار ادا کریں اور اپنی اور آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور جنگلات /درختوں کی کٹائی کے عمل کی حوصلہ شکنی کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں