پانچ روزہ انسداد پولیو مہم 22اگست سے شروع ہو گی

مظفرآباد(پی آئی ڈی)پروونشل پروگرام منیجر EPI آزادکشمیر ڈاکٹرعبدالستار خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکے تمام اضلاع میں مورخہ 22تا26اگست2022 پولیو گھر گھرمہم کا آغاز ہو رہا ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کے لئے تمام ترضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ریاست آزاد جموں و کشمیرگذشتہ 22سالوں سے پولیو فری سٹیٹ ہے تا ہم اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان بھر سے پولیو کا خاتمہ ہو سکے۔ لہذا اس موذی مرض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ آزادکشمیر میں 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پولیو کی گھر گھر مہم کے دوران 710125 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے3859موبائل ٹیمیں جو کہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گیں۔علاوہ ازیں 432مقامی ہسپتال اورمراکز صحت(فکس سینٹرز) اور تمام اڈوں، ما رکیٹوں اور داخلی راستوں پر156ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔فکس سینٹرز، ٹرانزٹ پوائنٹس اور موبائل ٹیمیں صبح08بجے سے شام 04بجے تک دوران مہم مصروف عمل رہیں گے۔ اس مہم کی سپرویژن کے لئے یونین کونسل کی سطح پر245یونین کونسل سپروائزز۱ور تحصیل سطح پر35تحصیل سپروائززکے علاوہ844 ایریا انچارج بھی مقرر کئے گئے ہیں جو ٹیموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ اُن کو ویکسین اور دیگر ضروری سامان موقع پر فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے DC آفس میں پولیو کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ مرکزی سطح پرپروونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر دفتر سنٹر پلیٹ مظفرآبادمیں بھی پولیو کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا فون نمبر920791ہے ٖجہا ں پر پولیو مہم کی روزانہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس مہم کوWHO،فیڈرل ای پی آئی سیل اسلام آباد اور محکمہ صحتِ عامہ کے آفیسران مرکزی سطح سے بھی مانیٹر کریں گے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ پولیو گھر گھر مہم میں مامور عملہ سے بھرپور تعاون کریں اور اگر کسی وجہ سے کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو اپنے متعلقہ ضلعی کنٹرول روم کو مطلع کیا جائے تاکہ والدین اور عوام الناس کے باہمی روابط سے پانچ سال تک کاکوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ ڈاکٹرعبدالستار خان نے ریاست بھر کے والدین، اُساتذہ کرام، وکلا ء صاحبان، عام شہری، ملازمین، مزدور غرض ہے کہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تا کہ یہ قومی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے گذشتہ 22سالوں سے آزادکشمیر پولیو فِری ہے اوریہ تب ہی ممکن ہوا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی خصوصی دِلچسپی، ممبران اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت عامہ کے آفیسران،اہلکاران، میڈیا، صحافی حضرات اور عوام الناس کا بھرپور تعاون رہا ہے۔اگر اسی طرح تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کو بھی یقینی بنائیں تو بہت جلد ملک سے پولیو اور دیگر مہلک بیماریوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں