پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل وزٹنگ انٹرنیشنل پروفیشنل پروگرام میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ

مظفرآباد (دھرتی نیوز) رجسٹرار یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیرپروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی کے وزٹنگ انٹرنیشنل پروفیشنل پروگرام برائے پاکستان ویمن لیڈرشپ ان ہائر ایجوکیشن میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوگئیں۔ اس پروگرام کا مقصد اعلیٰ تعلیم میں بہترین صلاحیتوں کی حامل خواتین کو تربیت دینا ہے تاکہ وہ وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر، ریکٹر، یا پرو ریکٹر جیسے اعلیٰ قیادت کے عہدوں کو حاصل کرنے میں ان کی انتظامی صلاحیتوں کو بڑھا سکیں۔تربیتی پروگرام کے شرکاء کو پروگرام کی پوری مدت کے دوران امریکی یونیورسٹیوں میں خواتین رہنماؤں کے ساتھ نیٹ ورک قائم کرنے کا موقع ملے گا۔اس پروگرام کے لیے، تین ماہ کے انتخابی عمل کے بعد 200 درخواست دہندگان میں سے پاکستان بھر میں متنوع تعلیمی اور قائدانہ پس منظر سے تعلق رکھنے والی 25 خواتین رہنماؤں کو منتخب کیا گیا ہے۔بین الاقوامی پیشہ ورانہ پروگرام کو نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (این اے ایچ ای) کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ اس کی مالی اعانت اسلام آبادمیں امریکی سفارت خانے کے ذریعے کی جا رہی ہے۔اپنی نوعیت کا یہ منفردپروگرام اعلیٰ تعلیم میں پاکستان بھر کی خواتین رہنماؤں کے لیے بھرپور پیشہ ورانہ ترقی اور تبادلے کی پیشکش کرتا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر عائشہ سہیل متعدد بین الاقوامی اور قومی سکالرشپس/فیلوشپس اور ایوارڈز جیتنے کے علاوہ اعلیٰ تعلیم کے مختلف بین الاقوامی فورمز پر آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔ڈاکٹر عائشہ سہیل نے 2011 میں یونیورسٹی آف شیفیلڈ، یو کے سے لسانیات میں پی ایچ ڈی مکمل کی اور مختلف حیثیتوں میں جامعہ کشمیر میں خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ معیاری تحقیق کے فروغ اور ادارہ جاتی ترقی میں آپ کا نمایاں حصہ ہے۔مزید برآں، ڈاکٹر سہیل نے اپنے معیاری تحقیقی کام کے لیے متعدد اعلیٰ تعلیمی گرانٹس حاصل کیں اور اس کے علاوہ پی ایچ ڈی اور ایم فل اسکالرز کی بڑی تعداد کی بھی نگرانی کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں