پی ڈی اے کے سابق اسٹیٹ آفیسر سلیم ناز گرفتار

راولاکوٹ(دھرتی نیوز)انٹی کرپشن آزادکشمیر نے جعلسازی کے ایک مقدمے میں ترقیاتی ادارے راولاکوٹ پی ڈی اے کے سابق اسٹیٹ آفیسر سلیم ناز کو گرفتار کر لیا۔انٹی کرپشن پونچھ ڈویژن کے انچارج محمد ادریس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو باغ منتقل کیا جائے گا جہاں اس پر لگے الزامات کی تفتیش کی جائے گی۔سلیم ناز کے خلا ف الزامات ہیں کہ انہوں نے ایک سابق چیئرمین کے ساتھ مل کر دو ہاسنگ سوسائیٹیز میں 27 کے قریب پلاٹ غیر قانونی طور پر الاٹ کیے ہیں۔یہ چارج شیٹ پی ڈی اے کے ہی ایک سابق چیئرمین سردار ارشد نیازی نے انٹی کرپشن کے محکمے کو بھیجی تھی۔چارج شیٹ کے مطابق دو ہاوسنگ اسکیمز گلشن شہداء اور راولاکوٹ ہاوسنگ اسکیم میں 27 سے 28 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ چک کرنے سے معلوم ہوا کہ جس ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے جو کمیٹی بنائی گئی تھی اس میں چیئرمین وقت فرہاد علی خان،اسٹیٹ آفیسر (وقت) محمد سلیم ناز،ڈپٹی کمشنر (وقت)مرزا ارشد جرال،ایس ای تعمیرات عامہ(وقت)خواجہ سجاد،ایڈیشنل سیکرٹری پی پی ایچ اور نجیب ریاض (سول سوسائٹی) شامل تھے۔کمیٹی کے دو ممبران ایڈیشنل سیکرٹری پی پی ایچ اور نجیب ریاض (سول سوسائٹی)نے الائٹمنٹ سے لاتعلقی ظاہر کی جبکہ دو ممبران ڈپٹی کمشنر (وقت)مرزا ارشد جرال،ایس ای تعمیرات عامہ(وقت)خواجہ سجاد نے تحریری بیان دیا کہ کمیٹی کے ممبرز ہم تھے لیکن ان الائٹمنٹ لیٹرز پر ہمارے دستخط جعلی ہیں اور ہمیں اس کا کوئی علم نہیں۔بعد ازاں ایک محکمانہ کمیٹی بنائی گئی جس میں شوکت شائین،فیاض نقی اور طارق محبوب شامل تھے۔کمیٹی نے ان الزامات کی تصدیق کی جس کے بعد یہ چارج شیٹ مزید کارروائی کے لیے انٹی کرپشن کو بھجی گئی جس پر یہ مقدمہ دو افراد کے خلاف درج کیا گیا جن میں سے ایک ملزم سلیم ناز کو بدھ کو راولاکوٹ سے گرفتار کر لیا۔گرفتاری کے بعد ملزم کو کچھ وقت کے لیے تھانہ سٹی راولاکوٹ میں رکھا گیا۔سلیم ناز کے خلاف ایک مقدمہ احتساب بیورو آزادکشمیر میں بھی زیر سماعت ہے۔سلیم ناز کی تقرری بھی سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کے دور میں بغیر پبلک سروس کمیشن ہوئی تھی۔وہ ایک لمبے عرصے تک اسٹیٹ آفیسر رہے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کئی پلاٹ جعل سازی سے تقسیم کیے اور اس کے عوض رقم وصول کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں