چوہدری شجاعت حسین سے سیاسی نہیں بلکہ خاندانی تعلق ہے،صدر آزادکشمیر

اسلام آباد(دھرتی نیوز) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے اور وہاں پر بہت بڑے پیمانے پر ظلم ہو رہا ہے اس کے لیے ہمیں بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوایا جا سکے اور کشمیری اپنی مرضی اور منشا ء کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ اس سلسلے میں دنیا کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اگر کشمیر خود مختار بھی ہو جائے تو ہمیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے میں اسٹیبلشمنٹ، سیاسی اور سماجی شخصیات اور دانشوروں کو بھی اعتماد میں لوں گا۔ کیوں کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 75 سال سے حل طلب ہے لہذا اس سلسلہ میں ہمیں نئی حکمت عمل وضع کرنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرا اور چوہدری شجاعت حسین کا سیاسی نہیں بلکہ خاندانی تعلق ہے اور میری سیاسی تربیت میں چوہدری ظہور الہٰی کا بھی اہم کردار ہے۔ لہذا ہمارا یہ تعلق نسلوں پر محیط ہے اور ہم اس سلسلے کو آج تک نبھا رہے ہیں اور آئندہ بھی نبھائیں گے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں آج یہاں چوہدری شجاعت کی عیادت کرنے آیا ہوں اور ان کے دل میں کشمیر کے لیے کمٹمنٹ ہے میں نے حال ہی میں بین الاقوامی دورہ بھی کیا ہے ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیک (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ہمارا پرانا تعلق ہے جو کئی نسلوں پر محیط ہے اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بہتر کشمیریوں کی آواز بین الاقوامی سطح پر کوئی نہیں اٹھا سکتا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں