ڈیلرز ایسوسی ایشن محکمہ خوراک پونچھ نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

راولاکوٹ (دھرتی نیوز)ڈیلرز ایسوسی ایشن محکمہ خوراک پونچھ نے واضع کیا ہے کہ آٹا مہنگا کرنے کے نام پر راولاکوٹ میں کی جانے والی ہڑتال سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ہڑتال کی آڑ میں ہڑتال کرنے والے عناصر جن میں سے چند ایک کا اپنا آٹے کا کاروبار ہے پرائیویٹ آٹا 6700 روپے فی من فروخت کر رہے ہیں جبکہ سرکاری آٹا جو آج بھی 3200 روپے فی من ہے اسے عام لوگوں کی پہنچ سے دور رکھا گیا ہے۔بدھ کو یہاں راولاکوٹ میں ڈیلرز ایسوسی ایشن پونچھ کا ایک مشترکہ اجلاس ہوا جس میں کھائیگلہ،علی سوجل،کہکوٹ،سنگولہ،ڈار گلہ اور لنجگراں کے علاوہ دیگر علاقوں کے ڈیلرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے بعد24 ڈیلرز کے دستخطوں سے جاری اعلامیہ میں حکومت سے اپیل کی گئی کہ چند افراد جو آئے روز ہڑتالیں کروا کر اپنے ذاتی مقاصد پورے کرتے ہیں ان سے جان چھڑائی جائے۔ان لوگوں نے ہمارا کاروبار تباہ کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اپنی نگرانی میں سپلائی ڈپو کھول کر ہمیں کوٹے کے تحت آٹا مہیا کرے تا کہ ہمارا کاروبار بھی متاثر نہ ہو اور غریب آدمی کو سستا آٹا مل سکے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے بھی مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ آٹے کی قیمتوں کا بھی تعین کیا جائے۔ایسے لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو پرائیویٹ آٹا مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں