کشمیر پریمیئرلیگ سیزن ٹو کی افتتاحی تقریب 14 اگست کو ہو گی

مظفرآباد(صباح نیوز)کشمیر پریمیئرلیگ سیزن ٹو کی تیاریاں مکمل،محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈکلچر آزادکشمیر اورکے پی ایل انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے نٹرول سپورٹس اسٹیڈیم مظفرآباد میں میدان سج گیا،سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات،افتتاحی تقریب آج شام چھ بجے ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری ہونگے۔جبکہ 14اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پرنڑول اسٹیڈیم میں ڈائمنڈگولڈن جوبلی کی خصوصی تقریب شامل چھ بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس ہونگے۔اس تقریب میں وزراء اکرام،سربراہان محکمہ جات،سیکرٹریز حکومت اورکئی اعلیٰ شخصیات خصوصی طور پر شرکت کریں گی۔کے پی ایل میں 27میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے 13میچ دن کو اور14رات کو کھیلے جائیں گے۔آج افتتاحی تقریب کے بعد راولاکوٹ ہاکس اورجموں جانبازکرکٹ کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔سیکرٹری سپورٹس وکلچر راجہ امجد پرویز خان،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خواجہ نعیم بسمل نے مختلف اداروں کے تعاون سے کشمیر پرئمیرلیگ سیزن ٹو کو کامیاب بنانے کیلئے جامع پلان ترتیب دے رکھا ہے جبکہ دوسری جانب کرکٹ کے کھلاڑی اورشائقین بے تاب نظرآرہے ہیں نڑول کرکٹ اسٹیڈیم کے اردگردصفائی ستھرائی کے علاوہ سپورٹس اسٹیڈیم کو مختلف بینرز اورلائٹوں سے خوبصورتی سے سجادیا گیا ہے سٹیڈیم میں لگی دلفریب شاندارخوبصورت لائٹس سے کے پی ایل میچز کو چارچاند لگ گئے ہیں۔دریں اثناء کشمیر پریمیئر لیگ میں شامل ٹیموں کے کھلاڑی دارالحکومت مظفرآباد میں پہنچنا شروع ہوگئے۔دریں اثنائانسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی زیر صدارت کشمیر پریمئر لیگ سیزن 2 کے دوران سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالہ سے اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔اجلاس میں طاہر محمود قریشی ڈی آئی جی ریجن مظفرآباد،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرعرفان مسعود کشفی، ایس ایس پی ضلع مظفرآباد یاسین بیگ کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈی آئی جی مظفرآباد اور ایس ایس پی مظفرآباد نے اجلاس کو سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔انسپکٹر جنرل پولیس نے اس اہم انٹرنیشنل نوعیت کے حامل ایونٹ کے دوران تمام سٹیک ہولڈر سے بہترین کوارڈینیشن رکھتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جانے کی ہدایت کی تاکہ اس ایونٹ کو کامیاب بنایا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں