ایکشن کمیٹی نے ہم سے جو طے کیا وہ کیا نہیں،ترجمان حکومت

مظفرآباد (پی آئی ڈی)ترجمان آزادکشمیر حکومت /وزیرحکومت عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ حکومتی مصالحتی کمیٹی نے اپنی کمٹمنٹ کے مطابق ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے پہلے دور میں انکے مطالبے کو مانتے ہوئے ایکشن کمیٹیوں کے گرفتار ممبران کو غیر مشروط رہا کر دیا لیکن ایکشن کمیٹیز کی جانب سے انکی اپنی کمٹمنٹ کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، مذاکرات میں طے ہوا تھا کہ گرفتار ممبران کی رہائی کے بعد ایکشن کمیٹی بجلی بلات نہ جمع کروانے کی مہم کا خاتمہ کرے گی اور کہیں بھی راستے یا سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔ لیکن ایکشن کمیٹیز کے ممبران اپنی کمٹمنٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بجلی بلات کی کولیکشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور مین شاہرات پر دھرنے بھی لگے ہوئے ہیں اور اشتعال انگیز تقاریر کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ یوم تاسیس کے موقع پر بجلی کنکشنز کاٹنے کے حوالے من گھڑت خبروں کو پھیلایا کر عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایات پر قائم کابینہ مصالحتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان جاری پہلے مذاکراتی دور میں فریقین کے درمیان اتفاق ہوا تھا کہ دونوں فریقین ماحول کو سازگار بنانے کے لیے عملی اقدامات کرتے ہوئے مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔ ترجمان حکومت آزادکشمیر نے افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور اپنی کمٹمنٹ کے مطابق حکومت نے گرفتار ممبران کی رہائی سمیت دیگر عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے ہمیشہ جائز مطالبات کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ ان کے حل کیلئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کار لائی ہیں، چوہدری انوارالحق کے دورمیں جس انداز سے آزادکشمیر کے مسائل کو وفاقی حکومت سے اٹھایا گیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ترجمان حکومت آزاد کشمیر نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے بلات جمع کروائیں تاکہ حکومت ریونیو اکھٹا کر کے عوام کی ہی فلاح وبہبود پر خرچ کر سکے اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی مکمل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے ممبران سے بھی التماس ہے کہ وہ اپنی کمٹمنٹ پوری کرتے ہوئے عوام الناس سے بجلی بلات جمع کروانے کی اپیل کریں۔انہوں نے کہاکہ گرفتار ممبران کی رہائی کے بعد فریقین مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔حکومت آزادکشمیر کو اپنی ذمہ داریوں کا نہ صرف احساس ہے بلکہ انکو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات بھی کررہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں