بینک آف آزاد جموں و کشمیر میں اسلامی بینکاری شروع کرنے کا فیصلہ

مظفر آباد (دھرتی نیوز)بینک آف آزاد جموں و کشمیر میں اسلامی بینکاری شروع کرنے، بینک کا ذیلی مالیاتی ادارہ مائکرو فنانس بینک قائم کرنے کے اہم فیصلے کئے گئے۔گزشتہ روزبینک کے ہیڈ آفس پرآزاد کشمیر کے وزیر خزانہ، کواپریٹوز و ان لینڈ ریونیو اور چیئر مین بینک خان عبدالماجد خان کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے60ویں اجلاس میں ریاستی بینک کی طرف سے اسلامی بینکنگ شروع کرنے اوربینک کا ذیلی مالیاتی ادارہ مائکرو فنانس بینک قائم کرنے کی منظوری دی گئی جب کہ ششماہی ریکارڈز و حسابات منظور کر لئے گئے۔ بینک میں اسلامی بینکنگ ڈویژن قائم کر دیا گیا۔ اجلاس میں چیئر مین کی ہدایت پر مارکیٹ سروے اورعوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کردہ مفصل ایجنڈاپیپر پیش کیا گیا۔ جس میں اسلامی بینکنگ سے متعلق تما م آپریشنل، شریعہ و دیگر متعلقہ فریم ورک کو زیر بحث لا یا گیا۔ بورڈ نے تفصیلی بحث و مباحثہ کے بعد اسلامی بینکاری شروع کرنے کی اصولی منظوری دی۔بورڈ سے منظوری کے بعد اسلامی بینکاری کو شریعت کے عین مطابق یقینی بنانے کے لئے اسلامی بینکنگ ڈویژن نے کام شروع کر دیا ہے۔ ریاست بھر میں اسلامی بینکنگ برانچیں کھولنے اور موجودہ برانچ نیٹ ورک میں اسلامی بینکنگ ونڈوز قائم کرنے پر کام جاری ہے۔اجلاس کے آغاز پر صدر بینک جناب خاور سعید نے بورڈ کو سال 2022کی پہلی ششماہی کی کارکردگی کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔سی ایف او جناب شاہد شہزاد میر نے فنانشل بزنس پر مفصل بریفنگ دی۔ بورڈ نے بینک کی کامیابی اور ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور 30جون 2022تک کے ریکارڈز وحسابات کی منطور ی دے دی۔بورڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ منافع کمانے، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی قابل قدر اضافہ کو قابل تعریف قرار دیا۔چیئرمین نے معزز صارفین کی بہترین خدمات میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ امید ظاہر کی گئی کہ بینک دن دوگنی، رات چوگنی ترقی کی منازل طے کرے گا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے ڈائریکٹرز میں سیکریٹری فنانس جناب عصمت اللہ شاہ، سیکریٹری قانون، انصاف و پارلیمانی امور جناب ارشاد احمد قریشی اور سیکریٹری انڈسٹریز،کامرس ومعدنیات جناب وجاہت رشید بیگ سمیت انڈیپنڈنٹ ڈائیریکٹرزسید حیدر عباس،جناب مبشر نبی،جناب ذوالفقار عباسی، کمپنی سیکریٹری جناب معاذ اللہ خان بھی شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں