راولاکوٹ،پہلی ویمن لیڈ ر شپ کانفرنس، ڈاکٹر ریحانہ کوثرکا خطاب

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) راولاکوٹ میں پہلی ویمن لیڈر شپ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ ویمن لیڈر شپ کانفرنس میں ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے بطور خاص شرکت کی اور کانفرنس کے انعقاد سے متعلق شرکاء خواتین کو آگاہ کیا۔ کانفرنس میں سدھن ایجوکیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صدر محترمہ رخسانہ لطیف اور جنرل سیکرٹری انیقہ مونا سمیت متعدد دیگر خواتین نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے کہا کہ اس خطہ میں شعور کی بیداری کیلئے خواتین نے ہمیشہ سے کلیدی کردار ادا کیا۔ یہاں پر خواتین کا لٹریسی ریٹ آزاد کشمیر بھر کے دیگر اضلاع سے زیادہ ہے اور یہ جان کر خوشی ہوتی ہیکہ دنیا بھر میں مختلف شعبہ جات میں یہاں کی خواتین اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایسے ادارے نہیں ہیں جو خواتین کی کیریئر کونسلنگ میں ان کی معاونت کر سکیں۔ اس کے باوجود خواتین ہر شعبہ میں کلیدی عہدہ پر موجود ہیں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے اپنے کو ہم آہنگ کرتے ہوئے اس میدان میں بھی اپنی نمایاں خدمات انجام دیں تاکہ آنے والی نسلوں کی سمت کا تعین درست ہو سکے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جس شعبہ میں بھی کام کر رہی ہیں اپنی مہارت بڑھانے کیلئے ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں اور مطالعہ کو بھی اپنی زندگی کا اہم حصہ بنائیں۔ انہوں نے بعض خواتین کا حوالہ دے کر انہیں مثالی بنانے اور ان کے کردار کو اپنا نے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہیکہ آج سے 70 سال پہلے بھی ہمارے ہاں خواتین کی تعلیم کو اہم سمجھا جاتا تھا اور یہ سلسلہ آج تک برقرار ہے۔ اس موقع پر شرکاء خواتین نے ڈاکٹر ریحانہ کوثر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس بامقصد کانفرنس کا انعقاد کر کے انہیں سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ریحانہ کوثر ہورنہ میرہ سے تعلق رکھتی ہیں اور امریکہ میں مستقل طور پر آباد ہیں ان دنوں وطن واپس آئی ہیں جس کے دوران انہوں نے مختلف سماجی و ادبی پروگرامات میں شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں