سانحہ راولاکوٹ، ملزم کراچی سے گرفتار

راولاکوٹ(دھرتی نیوز ) چند دن قبل راولاکوٹ کی مسجد القدس میں فجر کی نماز کے دوران ایک شخص محمد ریاض المعروف محمد الیاس کو ایک نوجوان نے نائن ایم ایم سے فائر کر کے قتل کر دیا تھا۔ملزم کو ایک آپریشن کے دوران کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔حملہ آور نوجوان اس واقعہ سے ایک دن پہلے راولاکوٹ آیا تھا اور چار نمازیں اسی مسجد میں ادا کیں۔ واردات کے بعد بھاگتے ہوئے اس کا ایک موبائل فون مسجد کے گیٹ کے قریب گر گیا تھا جس کے ذریعے پولیس نے ملزم کا ڈیٹا حاصل کیا۔ ملزم کے ابتدائی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ وہ رحیم یار خان کا رہنے والا ہے لیکن موجودہ وقت والدہ کے ہمراہ لاہور میں رہائش پذیر تھا۔ وہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بی ایس کا طالب علم تھا۔ ایک ماہ قبل اس کی والدہ کی جانب سے لاہور کے ایک تھانے میں اس کی گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج کروائی گی۔ ملزم لاہور سے موٹرسائیکل پر ہولاڑ کوٹلی کے راستے راولاکوٹ آیا جس کی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی تھیں۔ واردات کے بعد ملزم نے ڈار پولیس چوکی کراس کی لیکن اس کے بعد اس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا۔ مختلف تحقیقاتی ایجنسیاں اس پر کام کر رہی تھیں جس کے بعد جمعرات کو ملزم کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس دیگر تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر اس سارے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ مقتول محمد ریاض مقبوضہ کشمیر میں بھی مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری پر انعام بھی مقرر تھا جس کی وجہ سے یہ کہا جا رہا کہ اس کی ہلاکت میں بھارتی خفیہ ایجنسی ملوث ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق کا پتہ چل سکے گا۔ ذرائع کے مطابق ملزم اس واردات سے قبل بھی راولاکوٹ کا چکر لگا چکا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں