سرینگر،سانحہ راولاکوٹ کا بدلہ چکا دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی ایک عسکری تنظیم کا دعوی

سرینگر (دھرتی نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر کے حصے میں بھارتی افواج کے خلاف سرگرم عسکری تنظیم ’دی ریزِسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) نے دعوٰی کیا ہے کہ اس نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر راولا کوٹ کی ایک مسجد “مسجد القدس” میں کچھ دن قبل محمد ریاض نامی شخص جس کو نماز فجر کے دوران ایک نامعلوم شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا کا بدلہ لے لیا ہے اور ہمارے مجاہدین نے اس واقعے کے ٹھیک پانچ دن بعد انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں اننت ناگ ضلع کے خوبصورت پکنک مقام کوکر ناگ میں انڈین فوج کے ایک کرنل، ایک میجر اور جموں کشمیر پولیس کے ایک ڈی ایس پی کو ہلاک کر دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بظاہر ان دونوں واقعات میں کوئی قدر مشترک نہیں۔ راولا کوٹ میں قتل ہونے والے محمد ریاض کو جسے ’ابو قاسم کشمیری‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا پر انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مسلح شدت پسندوں کو فنڈز فراہم کرنے کا الزام لگتا رہا ہے۔ محمد ریاض عرف ابوقاسم کشمیری کا تعلق انڈین کشمیر کے پونچھ ضلع سے تھا لیکن وہ طویل عرصے سے پاکستانی کشمیر میں ہی مقیم تھے۔
بدھ کو اننت ناگ میں ہونے والے واقعے کے بعد کشمیر میں تین سال سے سرگرم کالعدم مسلح گروپ ’دی ریزِسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ۔تنظیم کا کہنا ہے کہ اس نے یہ کارروائی پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں ایک ’سابق جنگجو‘ کی ہلاکت کا انتقام لینے کے لیے کی ہے۔بی بی سی کے مطابق بدھ کے دن اننت ناگ میں انڈین فورسز نے مسلح شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد ایک مشترکہ آپریشن کیا تھا۔اسی دوران ہونے والے حملے میں انڈین آرمی کے کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش ڈھوناک کے علاوہ کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی ہُمایوں مزّمل بٹ ہلاک ہو گئے۔ہُمایوں بٹ کے والد غلام حسن بٹ کشمیر پولیس سے آئی جی کے طور ریٹائر ہو چکے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کوکر ناگ کے گھڑول گاؤں میں ہونے والی اس جھڑپ کے بعد بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے جس کے دوران انڈین فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔انڈین فوج اور پولیس کا دعوی ہے کہ کارروائی کے دوران ’دو شدّت پسندوں کو محصور کر لیا گیا ہے جن میں ٹی آر ایف کے عُزیر خان بھی شامل ہیں۔‘عُزیر خان کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے سال جولائی میں روپوش ہو کر ٹی آر ایف میں شامل ہوئے تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں