سوشل میڈیا کے گروپ جعلی آئی ڈیز والے ایڈمن چلا رہے ہیں،پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ٹیچرز ایسوسی ایشن کا الزم

راولاکوٹ(دھرتی نیوز )پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ٹیچرز ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس ہوا جس میں رالاکوٹ میں نجی شعبہ میں قائم 25سے زائد تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس اجلاس کے شرکاء نے ایک سوشل میڈیا گروپ کے ایڈمنز و دیگر کے خلاف ایک نجی کالج کی انتظامیہ کی جانب سے قانونی کارروائی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں سوشل میڈیا گروپس اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس جو کسی بھی تعلیمی ادارے کے خلاف منفی مہم جوئی اور پروپیگنڈہ میں مصروف ہیں ان کے خلاف بھی سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور گروپ ایڈمنز و دیگر کی جانب سے تعلیمی ادارے کے خلاف ہرزہ سرائی پر سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راولاکوٹ کے 25 سے زائد تعلیمی اداروں کے سربراہان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی پوسٹوں کے ذریعے ایک بہترین تعلیمی ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ سوشل میڈیا گروپس میں جعلی پوسٹوں کے ذریعے تعلیمی اداروں اور عزت دار لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا گروپس کے نام نہاد ایڈمنز جن کی اپنی شناخت مشکوک ہے وہ تعلیمی اداروں کے خلاف جعلی خبروں کو گروپس میں شئیر کر رہے ہیں ۔ اخلاقیات سے عاری اور تعلیم سے کوسوں دور ان عناصر کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہیئے ۔مبینہ یہ متنازعہ سوشل میڈیا گروپ جو دنیا کے سامنے راولاکوٹ کا چہرہ ہے اس پر ایک مافیا کا قبضہ ہے جو ایک خاص مقصد کے تحت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بدنام کر رہا ہے ۔ اس گروپ کے کئی ایڈمنز جعلی آئی ڈیز چلا رہے ہیں ۔ آل پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہ ایسے عناصر کے خلاف پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان سائبر کرائم ونگ کو گروپ ایڈمنز کے خلاف قانونی کاروائی کی تحریک کریں گے ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں